دبئی ٹیسٹ،کینگروز پاکستانی جال میں پھنس گئے


دبئی (عبدالرحمان رضا)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلے ٹیسٹ میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بلال آصف اور محمد عباس کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں202رنز پر ڈھیر ہوگئی اورقومی ٹیم نے کینگروز پر 280رنز کی سبقت حاصل کرلی۔پاکستان کی جانب سے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بلال آصف نے 6 جبکہ محمد عباس نے 4وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا کے 7بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ 85 اور آئرون فنچ 62 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں3وکٹوں کے نقصان پر 45رنز بنا کر آسٹریلیا پر مجموعی طور پر325رنز کی برتری حاصل کر لی،پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق 23رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ محمد حفیظ17،اظہر علی4اور بلال آصف صفر پر آؤٹ ہوئے۔دبئی انٹرنیشنل کر کٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30رنز پر اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا توایرون فنچ 13اور عثمان خواجہ 17رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے،آسٹریلیا کے دونوں اوپنرز عثمان خواجہ اور ارون فنچ نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔عثمان خواجہ اور فنچ نے پہلی وکٹ میں 142رنز کا بہترین آغاز کیا تاہم فنچ 62رنز بنا کر آوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جس کے بعد آسٹریلیا بلے باز جم کر کھیلنے میں ناکام رہے، شان مارش 7، ٹریوس ہیڈ اورمارنس صفر پر آوٹ ہوئے۔آسٹریلیا کا اسکور 167رنز تھا تو عثمان خواجہ کو اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بلال آصف نے آوٹ کرکے ان کے خطرناک عزائم کو روک دیا۔عثمان خواجہ کے آوٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی بیٹنگ لائن بلال آصف کی گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے زیادہ دیر ٹھہر نہ سکی اور پوری ٹیم محض چند رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 202کے مجموعے پر آوٹ ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم کو کینگروز پر 280رنز کی سبقت بھی حاصل ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ سب سے زیادہ 85، فنچ 62،مچل مارش 12، پیٹر سڈل 10، کپتان ٹم پین اور شین مارش7،7رنز بناسکے جب کہ ٹریوس ہیڈ، مارنس لیب سچگنی اور مچل اسٹارک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بلال آصف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس نے 4وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے482رنز کے جواب میں آسٹریلیا202رنز بنا سکا اور فالو آن ہو گیا مگر قومی ٹیم نے فالو آن نہ کروانے کا فیصلہ کیا اور پاکستان نے دوسری اننگز کا آٖغاز کیا ۔دوسری اننگز میں بھی محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا پر آغاز کیا۔پہلی اننگز کی طرح پاکستانی اوپنرز اچھا اوپننگ سٹینڈ مہیا نہ کر سکے اور پاکستان کی پہلی وکٹ37رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب محمد حفیظ17رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے فوری بعد آل راؤنڈر بلال آصف بغیر کوئی رن بنائے نتھن لیوئن کی گیند پر ہیڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جو4رنز بنا کر ہولینڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے3وکٹوں کے نقصان پر 45رنز بنا کر آسٹریلیا پر مجموعی طور پر325رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق 23رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ہولینڈ نے2اور ناتھن لیوئن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

error: Content is protected !!