دوسری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوپن ٹینس چیمپئن شپ 15 جولائی سے شروع ہو گی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)ملک کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے بنیادی مشن کے ساتھ ساتھ پا ک بحریہ نے ملک میں قومی و بین الاقوامی کھیلوں کے انعقاد میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ملک میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے گالف، ہاکی، شوٹنگ،ا سکواش اور سیلنگ رگاٹا جیسے کھیلوں کا انعقاد پاکستان نیوی کی خصوصی کاوش ہے۔اسی جذبہ کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان نیوی کی جانب سے دوسری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2019 کا انعقاد 15 سے21 جولائی تک ڈیفنس اتھارٹی کریک کلب ٹینس کورٹ میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کی زیر نگرانی کیا جارہا ہے۔ چیمپئن شپ کی انعامی رقم 6 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔قومی ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے تقریباً 150 سے 200 پیشہ ور اور نئے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔

ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 15 جولائی جبکہ اختتامی تقریب 21 جولائی کو منعقد کی جائے گی۔چیمپئن شپ کے دوران عمر کے لحاظ سے مرد کھلاڑیوں کی 9 مختلف کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے جبکہ ایک کیٹیگری خواتین اور ایک خصوصی افراد کی ہوگی۔خصوصی افراد کا ویل چیئر مقابلہ پی این ایس جوہر حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ، کراچی کے ٹینس کورٹ میں کھیلا جائے گا۔مقابلے میں شرکت کے لئے رجسٹریشن یکم سے12 جولائی2019 تک پاکستان ٹینس فیڈریشن اور سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے تعاون سے جاری رہے گی۔مقابلہ جات میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان ٹینس فیڈریشن اور سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے نمائندگان مقابلوں کی نگرانی کریں گے اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈرشن کے جدید قوانین لاگو ہوں گے۔

error: Content is protected !!