راجکوٹ ٹیسٹ،بھارت کے پہلے روز 4وکٹوں پر 364 رنز


راجکوٹ (سپورٹس لنک رپورٹ) پرتھوی شاؤ کی شاندار سنچری،، پوجارا اور ویرات کوہلی کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنالئے۔ پرتھوی شاؤ 134، پوجارا 86 اور کپتان ویرات کوہلی 72 ناقابل شکست رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پرتھوی شاؤ کی یہ ڈیبیو سنچری تھی۔جمعرات کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی طرف سے پرتھوی شاؤ اور راہول نے اننگز کا آغاز کیا جو کچھ خاص نہ تھا، راہول بھارت کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو کوئی رن بنائے بغیر گبرائل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد پرتھوی شاؤ اور پوجارا نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی سکور کو 209 رنز تک پہنچا دیا اس دوران پرتھوی شاؤ نے اپنی ڈیبیو سنچری اور پوجارا نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔اس موقع پر پوجارا کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا اور وہ انفرادی 86 رنز بناکر لیویز کی گیند پر ڈارویچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پرتھوی شاؤ بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو اپنی ڈیبیو سنچری مکمل کرنے کے بعد 134 رنز بناکر بیشو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اجنکیا روہانے بھارت کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 41 رنز بناکر چیسی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنالئے تھے۔ ویرات کوہلی 72 اور وکٹ کیپر ریشبا پانٹ 17 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے گبرائل ، لیویز، بیشو اور چیسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

error: Content is protected !!