ریکارڈ 128ٹیسٹ میں امپائرنگ، علیم ڈار کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سب سے زیادہ128 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے پر علیم ڈار کے اعزاز میں تقریب لاہور میں سجائی گئی۔آئی سی سی الیٹ پینل میں شامل 3بار سال کا بہترین امپائرکا اعزاز حاصل کرنے والے علیم ڈار نے سب سے زیادہ ٹیسٹ سپروائز کرنے کا اسٹیو بکنر کا ریکارڈ گذشتہ دنوں برابر کیا تھا،ان کے مجموعی انٹرنیشنل میچز 377ہوچکے،روڈی کوئٹزن 331ٹیسٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔لاہور میں تقریب کے دوران علیم ڈار کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ تقریب میں پی سی بی کے عہدے دار اور علیم ڈار کے عزیز و اقارب نے بھی شرکت کی۔تقریب میں ان کے بڑے بھائی بریگیڈئیر نعیم ڈار نے والدین کا تذکرہ کیا جس پر وہ آبدیدہ ہوگئے۔ اس موقع پر علیم ڈارنے کہا کہ میں نے اسٹیو بکنر کو دیکھ کر امپائرنگ شروع کی اور اب ان کا ریکارڈ برابر کرنا اعزاز کی بات ہے

علیم ڈار نے پی سی بی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ امپائرز اور ریفریز کی میچ فیس میں اضافہ کرے تاکہ پاکستان سے مزید ایلیٹ پینل امپائرز سامنے آسکیں، لوگ مجھے فخر پاکستان کہتے ہیں مگر مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا کہ علیم ڈار فخر پاکستان ہیں۔قومی ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی نے کہا کہ پی اینڈ ٹی جیمخانہ نے پاکستان کو کرکٹرز اور امپائرز ہی نہیں آرگنائزرز بھی دیے ہیں۔ تقریب میں جنرل منیجر ویمن کرکٹ شاہد اسلم، سابق کرکٹرزعامر نذیر،اشرف علی، ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی اور بڑی تعداد میں مداحوں نے بھی شرکت کی۔

error: Content is protected !!