زلزلے کے متاثرین کی امداد کیلئے قومی کرکٹرز سامنے آنے لگے

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)گزشتہ روز میر پور آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کی امداد کے لئے قومی کرکٹرز سامنے آنے لگے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے سری لنکا کیخلاف کھیلی جانے والی سیریز کی میچ فیس زلزلہ متاثرین کو دینے کا اعلان کیاہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاداب خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ وہ اپنی میچ فیس زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کو دیں گے ۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہمیں زلزلے سے متاثر ہونے والے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے بھی اپنے ٹوئٹ میں سب کی سلامتی کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ زلزلہ شدید تھا۔اللہ پاک سب کو اپنی امان میں رکھیں۔سابق کپتان رمیز راجہ نے اپنے ٹوئٹ میں 2005 کے زلزلے کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ایک بار پھر زلزلے نے زندگیوں کے امن کو چکنا چور کر دیا ہے ۔انہوں نے لکھا کہ آفتیں لوگوں کو متحد کرتی ہیں ، تو پھر متحد ہوجائیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے باولنگ کوچ وقار یونس نے اپنے ٹوئٹ میں سورالزلزال کی تلاوت کرنے کا کہا۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے دل کھول کر متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ میری دعائیں متاثرہ افراد اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔فاسٹ بالر حسن علی نے اپنے ٹوئٹ میں اللہ سے سب کو حفظ و امان میں رکھنے کی دعا کی۔

error: Content is protected !!