زونIIIنیشنل کلب چمپئن شپ‘ محمد علی کی سنچری سے لائنز ایریا جیم خانہ فتح سے ہمکنار

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونIIIکی زیرنگرانی جاری فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ میں مزید 2میچوںکے نتائج برامد ہوگئے۔ لائنز ایریا جیم خانہ نے شاہین جیم خانہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8وکٹوں کی شکست کا داغ لگایا۔ محمد علی اور ارسلان خان نے تیسری وکٹ پر 158رنز جوڑے۔ محمد علی نے شاندار سنچری بنائی جبکہ ارسلان خان نے نصف سنچری اسکور کی۔ اسرار احمد نے 5 کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ ناکام سائیڈ کے عمران شاہ کی 77رنز کی اننگز غیر موثر ری۔ پاک انڈیپنڈنٹ نے قریشی ڈولفن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10رنز سے شکست دی ۔ زمان علی کی 67رنز کی اننگز اور فرحان احمد کی 3وکٹوں نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ شارب محفوظ نے 61رنز کی اننگز کے ساتھ 2وکٹیں بھی اڑائیں لیکن اپنی ٹی کو شکست سے نہ بچاسکے ۔ آر ایل سی اے گراؤنڈ گلبرگ پر شاہین جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کی اور 41اوورز میں پوری ٹیم 185رنز بنا کر چلتی بنی۔ عمران شاہ 6چوکوںکی مدد سے 77رنز بناکر نمایاں رہے۔صدام حسین نے 41رنز میں 5چوکے اور شہریار خان نے اتنے ہی چوکے لگا کر 29رنز بنائے۔ اسرار احمد 35رنز پر 5کھلاڑیوں کو میدان بدر کرنے میں کامیاب رہے۔علی جواد کو 30رنز پر 2وکٹ ملے۔لائنز ایریا جیم خانہ نے مطلوبہ ہدف باآسانی 2وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ جب 30.3اوورز میں 187رنز اسکور بورڈ پر لگائے گئے۔ 29رنز پر 2وکٹ گرنے کے بعد محمد علی اور ارسلان خان نے تیسری وکٹ پر 158رنز کی شاندار اور ناقابل شکست رفاقت قائم کی۔ محمد علی نے 115رنز میں 12چوکے اور 5چھکے جڑے جبکہ ارسلان خان کے 504چوکوں کے مرہون منت تھے۔شکیل اشرف اور زرق خان کو حریف ٹیم کی ایک ایک وکٹ ملی۔عزیز الرحمن اور شاہد اسلم ایمپائرز جبکہ نجم الدین آفیشل اسکورر تھے۔ناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ پر پاک انڈپینڈنٹ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 44.4اوورز میں تمام وکٹوں پر 262رنز اسکور بک میں درج کرائے۔ زمان علی کے 67رنز میں 12چوکے، ثاقب خان کے 34رنز میں 5چوکے ، عبدالحفیظ کے 32رنز میں 6اور سنیل موہن کے 23رنز میں 4چوکے شامل تھے۔ محمدمہروز اور شارب محفوظ کے ہاتھ 2,2وکٹیں لگیں۔قریشی ڈولفن نے جوابی بیٹنگ میں زبردست مزاحمت کی اور 10رنز کی کمی سے مطلوبہ ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اور پوری ٹیم 252رنز کے مجموعہ پر ہمت ہار گئی۔ شارب محفوظ نے 5چوکے لگا کر 61، عثمان وکیل نے 6چوکوں کی مدد سے 48، محمد مہروز نے 3چوکوں کی بدولت 42جبکہ معیز زاہد کے 20رنز 4چوکوںکی مرہون منت تھے۔ فرحان احمد نے 3وکٹیں اڑائیں جبکہ سنیل موہن، اکبر علی اور عبدالحفیظ نے 2,2وکٹیںباہم تقسیم کیں۔طاہر رشید اور شاہد اسلم ایمپائرز اور جنید افضل آفیشل اسکورر تھے۔۔

error: Content is protected !!