سجاس الیون نے اے او کلینک کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد دس رنز سے شکست دیدی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)سجاس الیون نے اے او کلینک کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد دس رنز سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کے کاشف فاروقی کی شاندار ہیٹرک ، اے او کلینک کے کپتان ڈاکٹر جنید علی شاہ کی جارحانہ اننگز بھی ان کے ٹیم کے کام نہ آئی۔ تفصیلات کے مطابق شہداء سندھ پولیس اینڈ ڈاکٹر محمدعلی شاہ اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے نمائشی میچ میں سجاس الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مقررہ اوور میں سجاس الیون نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے، اوپنر اسامہ عتیق 46، مقصود احمد 23 اور شاہد انصاری 12 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کاشف فاروقی نے شاندار ہیٹرک کے ساتھ چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمن محمد آصف نے ایک اسٹمپ سمیت پانچ شکار کئے۔ حدف کے تعاقب میں اے او کلینک کی پوری ٹیم آخری اوور میں 99 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اے او کلینک کے کپتان ڈاکٹر جنید نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 22 گیندوں پر 30 رنز، شہزادہ معین 18 اور زاہد نے11 رنز بنائے۔ 34 رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کرنے والے فاتح ٹیم کے کاشف فاروقی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ میچ کے اختتام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر و سندھ پولیس کے مشیر برائے اسپورٹس اینڈ ویلفیئر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں امن کے لیئے سیکورٹی اداروں بالخصوص سندہ پولیس کی قربانیاں قابل ستائش ہیں،شہر کا امن ان قربانیوں کے مرہون منت ہے۔

آج شہدائے سندھ پولیس و ڈاکٹر محمد علی شاہ اسپورٹس کمپلیکس میں میچ کے انعقاد کا مقصد شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا اور ان کی لازوال قربانیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر سجاس کے صدر طارق اسلم اور سیکریٹری سجاس اصغر عظیم سمیت سندھ پولیس کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔

error: Content is protected !!