سجاس کےسینئر ممبر سید نصراقبال اورعالم زیب کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ(سجاس) کے تحت کراچی پریس کلب میں سالانہ دعوت حلیم اور حج کی سعادت حاصل کرنے والے سجاس کے سینئر ممبر سید نصر اقبال اور عالم زیب کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ دعوت حلیم میں وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے اطلاعات،آرکائیو،اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب ،سندھ کے سابق نگراں وزیر اور سجاس کے پیٹرن ڈاکٹر سید جنید علی شاہ،عیسی لیب کے چیف ایگزیکٹو و پیٹرن سجاس ڈاکٹر فرحان عیسی ،ممبر سندھ اسمبلی جمال صدیقی،ڈائریکٹر اسپورٹس سندھ شہزاد پرویز بھٹی،کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک،سیکریٹری مقصود احمد یوسفی،سجاس کے صدر طارق اسلم،سینئر نائب صدر زبیر نذیر خان، نائب صدر شاہد علی خان،سیکریٹری سجاس اصغر عظیم،فنانس سیکریٹری ارشاد علی،ارکان ایگزیکٹیو کمیٹی،ممبران سمیت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ترجمان آصف عظیم،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، سابق ہاکی اولمپیئن اور چیف سلیکٹر پی ایچ ایف اصلاح الدین ، کے ایم سی ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل احمد، کے ڈی اے آفیسر کلب کے میڈیا کوآڑڈینیٹر ایم نسیم، پی ایچ آئی کے پروفیسر راؤ جاوید اقبال،پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری محمد اکرم خان،سینئر جرنلسٹ راشد عزیزسمیت اسپورٹس سے وابستہ صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہناتھا کہ اسپورٹس جرنلسٹس درحقیقت امن کے سفیر ہیں۔پیپلز پارٹی نے سابقہ دور حکومت میں سجاس سے جو وعدے کئے وہ پورے ہونگے۔پاکستان بالخصوص سندھ کے پر امن تصور کو اجاگر کرنے میں کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کا کردار اہم ہے۔ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں ہو یا حزب اختلاف میں صحافیوں کے مسائل کے حل کےلئے ہمیشہ آگے آگے رہی ہے۔یہ ہی وجہ ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کی صحافیوں کے مسائل پیپلزپارٹی ہی حل کرسکتی ہے۔

ڈاکٹر فرحان عیسی کا کہنا تھا کہ سجاس سے لگاؤ کی وجہ اسپورٹس سے وابستہ صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح بہبود میں اس کا مثالی کردار ہے۔اولمپیئن اصلاح الدین کا کہناتھا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی ہو یا خراب اسپورٹس سے وابستہ صحافیوں کا کردار دونوں صورت میں اہمیت کا حامل ہے۔سجاس کے ساتھ میرا پرانہ رشتہ ہے یہ جب بھی بلائیں گے میں حاضر ہوجاونگا۔ کراچی پریس کلب کے صدر وسیکریٹری کا کہناتھا کہ صحافیوں کی تمام ایسوسی ایشن میں سجاس سب سے زیادہ متحرک تنظیم ہے۔سجاس کے ساتھ پریس کلب کا تعاون جاری رہے گا۔

سجاس کے صدر اور سیکریٹری نے مہمانوں اور ممبران سمیت تقریب میں شریک تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس جرنلسٹس اپنے اتحاد کو مزید پائیدار بنائیں ہمارا اتحاد ہی ہماری طاقت ہے۔تقریب میں سجاس کے ممبران نے حج کی سعادت حاصل کرنے والے سید نصر اقبال اور عالم زیب کو مبارک دی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنا ئیں۔جبکہ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے بیرسٹر مرتضی وہاب کو سجاس کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

error: Content is protected !!