سرفراز احمد نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کیلئے اپنی پھرپور حمایت کا اعلان کردیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کیلئے اپنی پھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو میرا بھر پور تعاون حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ڈومیسٹک کرکٹ کے گزشتہ 2 سیزن کی بات کی جائے تو دونوں نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ ٹیم میں واپسی کرنے والے اِن دونوں کھلاڑیوں کو بھرپور موقع دیا جائے۔قومی ٹیم کے کپتان کا گزشتہ میچ کی کارکردگی کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں، دونوں تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ایک مرتبہ جم گئے تو پھر اچھے کھیل کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کی طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔سری لنکا کے خلاف ہونے والی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں دونوں بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے

احمد شہزاد صرف 4 رنز بناسکے جبکہ عمر اکمل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔مختلف وجوہات کی بناء پر ماضی میں دونوں کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں جگہ غیر یقینی رہی ہے، اس لیے دونوں کرکٹر کی فخر زمان اور حارث سہیل کی جگہ اچانک ٹیم میں واپسی بعض حلقوں کیلئے حیران کن تھی۔واضح رہے کہ دونوں بلے بازوں کا شمار اس وقت قومی ٹیم کے سینیئر کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور دونوں نے 10 سال قبل ٹیم میں شمولیت حاصل کی تھی، اپنے کیریئر کے دوران دونوں متعدد بار ٹیم سے باہر کیے جاچکے ہیں۔احمد شہزاد نے ہفتے کو سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل آخری بار جون 2018 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔عمر اکمل کی 3 سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور انہوں نے آخری بار 27 ستمبر 2016 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا۔واضح رہے کہ سری لنکا نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 64 رنز سے شکست دی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی 7 اکتوبر اور تیسرا 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!