سرفراز کو قیادت سے کیوں ہٹایا گیا،احسان مانی نے بتا دیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانا مشکل فیصلہ تھا تاہم ان کی ناقص کارکردگی اور اعتماد میں کمی کے باعث ٹیم کی بہتری کے لیے یہ فیصلہ کرنا پڑاہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے بطور کھلاڑی اور کپتان عمدہ کارکردگی دکھائی، وہ ایک بہادر کھلاڑی ہیں ، امید ہے وہ جلد قومی کرکٹ ٹیم کے رنگوں میں رنگے دکھائی دیں گے۔

احسان مانی نے کہا کہ وہ نئے ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور نئے ٹی ٹوئنٹی قائد بابراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کرکٹ میں سب سے اہم ذمہ داری ہے جو دونوں کھلاڑیوں کو مسلسل نمایاں کارکردگی دکھانے اور انتھک محنت کے نتیجے میں ملی ہے۔چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ دونوں فارمیٹ میں پاکستان کے نائب کپتان کا فیصلہ جلد کردیا جائے گا، جبکہ ون ڈے ٹیم کے قائد کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 2019-20کے لیےقومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کاکپتان مقرر کردیا گیا ہے جبکہ بابراعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2012تک قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

error: Content is protected !!