سری لنکن کرکٹ ٹیم نے نئی تاریخ رقم کر ڈالی

پورٹ الزبتھ (سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی اور وہ جنوبی افریقہ کو اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی ہے۔پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سیریز میں 0-1 کے خسارے سے دوچار جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔ایڈن مرکرم کے 60 اور کوئنٹن ڈی کوک کی 86 رنز کی عمدہ اننگز کے باوجود جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔جواب میں کگیسو ربادا اور ڈوانے اولیویئر عمدہ باؤلنگ کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے اور پوری سری لنکن ٹیم کو 154 رنز پر ٹھکانے لگا کر اپنی ٹیم کو 58رنز کی برتری دلا دی۔لیکن سری لنکن باؤلرز نے ہمت نہ ہاری اور دوسری اننگز میں سورنگا لکمل سمیت دیگر باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کے سامنے پوری جنوبی افریقی ٹیم صرف 128رنز پر ڈھیر ہو گئی اور سری لنکا کو میچ میں فتح کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز 34رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد اوشادا فرنینڈو اور کوشل مینڈس جنوبی افریقی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے اور عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کرنے کی ٹھان لی۔دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 163 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں 8وکٹ سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ نئی تاریخ رقم کردی۔سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقہ کو انہی کی سرزمین پر شکست دینے والی پہلی ایشین ٹیم ہے اور اس سے قبل پاکستان اور بھارت سمیت کوئی بھی ایشین ٹیم یہ کارنامہ انجام نہ دے سکی۔میچ تیسرے دن کے پہلے سیشن میں ہی اختتام پذیر ہو گیا، فرنینڈو نے 75 اور مینڈس نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔سری لنکا نے دو میچوں کی سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا، کوشل مینڈس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ کوشل پریرا سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔

error: Content is protected !!