سوئمنگ چیمپیئن شپ کے انعقاد سے دور دراز کے علاقوں کے سوئمرز کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملا، ندیم سرور

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ ہفتہ کے روز گجرات میں منعقد ہوئی، گجرات جمخانہ کلب میں منعقد ہونیوالی چیمپئن شپ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور تھے، اس موقع پرڈپٹی کمشنر گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی،ٹورنامنٹ ڈائریکٹر شاہد فقیر ورک، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، سیکرٹری گجرات جمخانہ احمد حسن مٹو اور دیگر بھی موجود تھے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کے انعقاد سے دوردراز کے علاقوں کے سوئمرز کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملا ہے، سپورٹس کا فروغ اور ترقی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب نے سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس ہر نوجوان کے لئے ضروری ہے اس لئے گجرات میں سوئمنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ یہاں کے ٹیلنٹ کو بھی سامنے آنے کا موقع مل سکے اور نوجوانوں کا سپورٹس میں شوق پیدا ہو، انہوں نے کہا ہے کہ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس بنایا گیا ہے جس میں جدید سہولتیں میسر ہیں، جو بچے آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ان کو لاہور میں15روزہ سوئمنگ سمر کیمپ میں شامل کیا جائے گا اور بہت زیادہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ان کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا

ہمارا ہدف اولمپکس، ایشیئن گیمز اور سیف گیمز ہیں ان کے لئے سوئمرز تیار کریں گے تاکہ ہمارے کھلاڑی ان بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں۔ڈپٹی کمشنر گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئمنگ چیمپئن شپ کے انعقاد سے طلبہ کو صحت مند سرگرمی میں حصہ لینے کا موقع ملا ہے، ترقی یافتہ ممالک سپورٹس کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں ، ہمیں بھی سپورٹس پر توجہ دینا ہوگی، گجرات میں اس پیمانے پر سوئمنگ چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔

آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمیئن شپ میں نوجوان سوئمرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کیا ہے جس پر سوئمرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اسی طرح دیگر کھیلوں کے ایونٹس بھی منعقد کرائیں گے اور ہر کھیل کے کھلاڑی کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کامیاب سوئمرز میں انعامات تقسیم کئے۔آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں انڈر10،12،14،16اور 18ایج گروپ میں 50 میٹر بٹر فلائی، بیک سٹروک، بریسٹ سٹروک اور فری سٹائل کے مقابلے ہوئے، چیمپئن شپ میں بیکن ہائوس، روٹ انٹرنیشنل سکول،کریسنٹ ماڈل سکول، ناصر ہائی سکول چنیوٹ، گورنمنٹ ہائی سکول سیالکوٹ، قائداعظم پبلک سکول گوجرانوالہ، برائیٹ وے سکول لاہور، ڈی پی ایس گوجرانوالہ کے طلبہ کے علاوہ وزیرآباد، جلالپور جٹاں اور دیگر مقامی شہروں کے کلب کے سوئمرز نے بھی حصہ لیا۔

error: Content is protected !!