سوشل میڈیا پر محمد عرفان کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات پر دلچسپ تبصرے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) دنیا کے طویل القامت باؤلر محمد عرفان کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکے ساتھ دوران پرواز اتفاقیہ ملاقات ہوئی جس کی تصاویرٹیسٹ کرکٹر نے سوشل میڈیا پر شئیر کیں تو دلچسپ اور طنز سے بھرپورتبصروں کی لائن لگ گئی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر محمد عرفان نے دو تصاویر شیئر کیں اور اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ”پی ایس ایل کیلئے جاتے ہوئے میری وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی فیملی سے خوشگوار ملاقات ہوئی، وزیراعلیٰ سے تعلیم ، صحت اور پنجاب کے ترقیاتی پروگراموں خصوصا جنوبی پنجاب سے متعلق بہت اچھی بات چیت ہوئی،اللہ پاکستان اور پاکستانیوں کو سارے جہاں میں ترقی دے، آمین“۔محمد عرفان کی ٹویٹ پر کرکٹ کے شائقین کی سیاسی حس بھی پھڑک اٹھی جنہوں نے دلچسپ تبصروں کے ساتھ ساتھ سیاسی طنز بھی کیے ۔ایک صارف نے پوچھا عمران خان کے وسیم اکرم کے ساتھ بیٹھ کر کیسا لگا؟،ایک اور نے لکھا کہ ”وزیراعلیٰ کے تاثرات سے انہیں لگتا ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں ” کھڑکی والی سیٹ میں نے لینی ہے ، مجھے نہیں پتہ“۔حال ہی میں سوشل میڈ یا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں جنوبی پنجاب کی ایک معمر خاتون سے عثمان بزدار کا تعارف یہ کہہ کر کروایا گیا تھا کہ یہ بڑے وزیر ہیں جیسے شہباز شریف ہیں،ایک صارف نے اس ویڈیو کا حوالہ دیکر پوچھا ”یہ وہی ہیں نا جو آجکل شہباز شریف ہیں؟ “۔وزیراعظم کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو سیاست کا وسیم اکرم قرار دینے کے بیان پر ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ”پاکستان کے 2 بہترین لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر ایک ساتھ “۔ایک صارف نے محمد عرفان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وسیم اکرم سے باؤلنگ ٹپس لیں یا نہیں؟“،ایک صارف نے تو وزیراعلیٰ کو کبھی کبھار ہنس لینے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ”تھوڑا ہس وی لیا کرو بزدار صاحب“،حال ہی میں اپنے لمبے قد کے باعث بی پی ایل کے دوران اکانومی کلاس کی نشست پر پورا نہ آنےوالے عرفان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ”اس بار مسئلہ تو نہیں ہوا؟“،ایک صارف نے وزیراعلیٰ کے بزنس کلاس میں سفر کرنے پر طنز کیا۔یاد رہے کہ عثمان بزدار گزشتہ روز ادائیگی عمرہ کیلئے روانہ ہوئے تھے ، وہ سعودی عرب میں 7 روز تک قیام کریں گے۔

error: Content is protected !!