سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے ملک کا نام روشن کیا ، ممنون حسین


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم اور مسلم ہینڈز کے عہدیداروں سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صدرمملکت نے کہا کہ سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ان بچوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔ انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری رہے گا ۔ انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی میدان میں اُتریں جیت اور وطن کا نام اونچا کرنے کا جذبہ دل میں لے کر اتریں ، انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کا حصول ہر بچے کا حق ہے، جو افراد اور ادارے اس مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں وہ مبارک باد کے مستحق ہیں ۔صدرمملکت نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے ۔

error: Content is protected !!