سٹریٹ چلڈرن ٹیم چاندی کا تمغہ لیکر وطن واپس آگئی


راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی ٹیم سٹریٹ چائلڈ عالمی فٹ بال کپ میں سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد گزشتہ روز ماسکو سے واپس وطن پہنچ گئی، نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ ،سماجی کارکنوں، کھلاڑیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہا کہ ہماری بہت خوش قسمتی ہے کہ ان کھلاڑیوں کو ہمارے ملک کے صدر مملکت ممنون حسین نے رخصت کیا تھااور ہم اس بات پر بھی اللہ تعالی کے بہت شکر گزار ہیں اور ہمیں ان کھلاڑیوں پر بھی فخر ہےکہ یہ بہت شاندار رزلٹ لائے، انہوں نے کہاکہ جن کھلاڑیوں پر قومی خزانے سے سرمایہ خرچ کرتے ہیں اور قوم کی ان پر توقعات بھی ہوتیں ہیں تو وہ بھی اتنا اچھا رزلٹ نہیں لاتے۔ انہوں نے وزیراعظم اور صدر پاکستان سے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی۔کوچ محمد رشید نے بتایاکہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں جتنے دوسرے ممالک کی ٹیموں کے پاس ہوتے ہیں پھر بھی ہمارے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم کے کپتان عبداللہ نے کہا کہ ہماری ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلی مگر بد قسمتی سے فائنل ازبکستان سے پنلٹی ککس پر ہار گئی، انہوں نےکہا کہ ہم نے تین ماہ تک دن رات بہت پریکٹس کی اور قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ رہیں۔

error: Content is protected !!