سپورٹس بورڈریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا مسئلہ حل نہ ہو سکا،احتجاجی کیمپ لگ گیا

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپورٹس بورڈ کے ملازمین پنشن کی بندش پر احتجاج آٹھواں روز بھی جاری رہا۔ سپورٹس بورڈ ملازمین اپنے پُر امن احتجاج کو احتجاجی کیمپ میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے 12 سال سے ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤں کی پنشن مل رہی تھی جس کو گزشتہ 4 ماہ سے بند کیا گیا جس پر سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین ، پی ایس بی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات سے حل کروانا چاہتے تھے جس پر سپورٹس بورڈ انتظامیہ نے کوئی مثبت پیش رفت نہ کرنے پر سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین نے 31 دسمبر2018 کو روزانہ کی بنیاد پر2 گھنٹے ڈائریکٹر جنرل آفس کے سامنے احتجاجی مظاہر کیا ۔ یہ پرُامن احتجاجی دھرنا8 دن جاری ہے۔

سپورٹس بورڈ انتظامیہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی ۔ جس پر آج آٹھویں روز احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے فرمان خان ، آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین کے سیکرٹری جنرل نے 2 گھنٹے روزانہ کی بنیاد پر جاری پُر امن احتجاجی دھرنا کو احتجاجی کیمپ میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ، پی ایس بی کے آفس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔احتجاجی کیمپ میں پاکستان سپورٹس بورڈ ،اسلام آباد ، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی سے ملازمین شرکت کریں گے۔ پی ایس بی انتظامیہ کی طرف سے مثبت پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے مزید حالات خراب ہو سکتے ہیں اور حالات خراب ہونے یا کسی بھی نقصان کی تمام تر ذمہ دارے سپورٹس بورڈ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین (سی بی اے)، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے درخواست کرتی ہے کہ حالات کی نزاکت کو مد نظر رکھتے ہوئے میڈیا نمائندگان12 بجے احتجاجی کیمپ کی کوریج کو یقینی بنائے تاکہ غریب ملازمین کی آواز کو ایوان بالا تک پہنچایا جا سکے۔

error: Content is protected !!