سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، محمد عامر جان


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کررہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لئے مزید مواقع فراہم کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈویلپمنٹ آفسیر بیڈمنٹن ایشیا سمبانتھن سیواپیرومل، رکن اوورسیز پاکستانی کمیشن ماجد علی چودھری، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، سیکرٹری جنرل پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن واجد علی،پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ، سیکرٹری بیڈمنٹن ایسوسی ایشن طیب سہیل اور بیڈ منٹن کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جمنیزیم ہال پہنچنے پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا اور کھلاڑیوں سے تعارف بھی کرایا گیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بیڈ منٹن کے کھلاڑی محنت سے کھیل رہے ہیں ہم پرامید ہیں کہ وہ قومی اور عالمی مقابلوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کریں گے، 11اکتوبر سے نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ منعقد ہورہی ہے جس کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب مکمل تعاون کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے فروغ کیلئے سپورٹس تنظیموں سے مل کر کام کررہے ہیں، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر پنجاب گیمز سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کریں گے صوبہ بھر میں کھیلوں کی جدید سہولتیں فراہم کرنا سپورٹس بورڈ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، تقریب کے اختتام پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔سیکرٹری جنرل پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن واجد علی نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے بھرپور تعاون پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شکریہ ادا کیا۔

error: Content is protected !!