سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ، 6کھیلوں کے انڈر 16کھلاڑیوں کے ٹرائلز

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ کے لئے 6کھیلوں کے انڈر 16کھلاڑیوں کے ٹرائلز منگل کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوئے ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ٹرائلز کا جائزہ لیا اور کھلاڑیوں سے ملاقاتیں بھی کیں، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی ،کنسلٹنٹ ایس بی پی شاہد فقیر ورک، پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رائیس الرحمان و دیگر بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے جمنیزیم ہال میں والی بال، ویٹ لفٹنگ اور سنوکر کے کھلاڑیوں کے ٹرائلز دیکھے

ان کا کھلاڑیوںسے تعارف بھی کرایا گیا،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس کانیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے ایک ماہ کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ لگارہے ہیں،ٹرائلز میں میرٹ پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جارہا ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب کے بعد ستمبر کے وسط میں کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ لاہور، ملتان، فیصل آباد، بہاولپوراور ڈیرہ غازی خان میں شروع ہوں گے

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت سپورٹس کو فروغ دینے کے لئے اہم اقدامات کررہے ہیں،کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو غیر ملکی کوچز سے بھی تربیت دلائیں گے،کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ پہلے بھی لگائے ہیں جس کے بہت اچھے نتائج سامنے آئے ہیں،

سپورٹس بورڈ پنجاب ٹرائلز کیلئے کھلاڑیوں کو رہائش، خوراک اور سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کررہا ہے،کھلاڑی جوش وجذبہ سے ٹرائلز میں حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے پنجاب سٹیڈیم میں فٹ بال اور کوچنگ سنٹر میں میٹ ریسلنگ کے ٹرائلز بھی دیکھے،کھلاڑیوں نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے ساتھ گروپ فوٹوز بنوائے۔


ٹرائلز کمیٹیوں نے مختلف کھیلوں کے کھلاڑی کے ٹرائلز لئے، سنوکر کے 40میں سے 15، پاور لفٹنگ کے 60میں سے 16، والی بال کے 50میں سے 30، فٹ بال کے 200میں سے 33، ریسلنگ کے 80میں سے 30کھلاڑیوں کا کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ کے لئے انتخاب کیا گیا ہے۔

error: Content is protected !!