سپورٹس پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ9ویں انٹر سکولز اینڈ انٹر کالجز گیمز کے انعقاد سے سپورٹس کو فروغ ملے گا، پنجاب حکومت سپورٹس کی اولین ترجیح دیتی ہے، سپورٹس کی ترقی کے لئے ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں، نوجوان اب سپورٹس کی جانب آرہے ہیںجو کہ بہت بڑی کامیابی ہے، نوجوان محنت کریں ، ان کو تمام سہولتیں اورمکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پنجاب سٹیڈیم میں 9ویں انٹر سکولز اینڈ انٹر کالجز گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے 9ویں انٹر سکولز اینڈ انٹر کالجز گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا

اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود،پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ،سابق اولمپیئن خواجہ جنید،نوید عالم ،ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی اور سپورٹس تنظیموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کو سلامی دی۔مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ گیمز میں کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت اس با ت کامنہ بولتا ثبوت ہے کہ کھلاڑی حکومت کی جانب سے ملنے والی سپورٹس کی سہولتوں سے مطمئن ہیں

کھلاڑیوں کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کی بھی امید دلاتی ہے کہ سپورٹس میں پاکستان کا مستقبل روشن ہے، کھلاڑی قومی جذبے کے ساتھ محنت کریں اور سپورٹس کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کریں، انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان زیادہ سے زیادہ سپورٹس کی سرگرمیوں میں حصہ لیں ان کو تمام سہولتیں دیں گے ، 9 ویں انٹر سکولز اینڈ انٹر کالجز گیمزسے سپورٹس کو فروغ ملے گا۔

error: Content is protected !!