سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جعلی بیڈمنٹن اکیڈمی،بورڈ کو ہزاروں روپے کا ٹیکہ

اسلام آباد( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں جعلی بیڈمنٹن اکیڈمی بنا کر جعلی کوچنگ کرا کے سپورٹس بورڈ کو ہزاروں روپے کا ٹیکہ لگایا جا رہا ہے ، جعلی اکیڈمی آنے والوں سے پانچ ہزار روپے مہینہ لیاجا رہا ہے جس پر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،آغا سعود نامی شخص الائیڈ بیڈ منٹن اکیڈمی کے نام سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال میں جعلی اکیڈمی چلا رہا ہے جو اپنے آپ کو پاکستان کا نیشنل بیڈمنٹن کھلاڑی ظاہر کر تا ہے ، پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال کو انتظامیہ کی ملی بھگت سے لوگوں کو لوٹنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اکیڈمی چلانے والا شخص نہ تو پاکستان کا کوئی کھلاڑی ہے اور نہ ہی اسکے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے ساتھ کوئی رجسٹریشن ہے ۔ اس حوالے سے اکیڈمی چلانے والے آغا سعود کے ساتھ جب رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ اکیڈمی میں چلا رہا ہو ں جس کی پانچ ہزار روپے ماہانہ فیس ہے اور درجنوں لڑکے مجھ سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہ سپورٹس بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ اکیڈمی ہے جب آغا سعود سے پوچھا گیا کہ اکیڈمی سے حاصل کردہ فیس سپورٹس بورڈ میں جمع کرائی جاتی ہے تو انھوں نے کہا کہ یہ رقم سپورٹس بورڈ کو جمع کرا دی جاتی ہے ۔ اس معاملے پر جب پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان اعظم ڈار سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ الائیڈ بیڈمنٹن اکیڈمی کی پا کستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ کوئی رجسٹریشن نہیں ہے سپورٹس بورڈ کے ایک افسر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سہولیات آغا امجد کا بیٹا آغا سعود اس کو چلا رہا ہے اور سپورٹس بورڈ کی املاک کو استعمال کر رہا ہے اس کے عوض وہ جو کوئی بھی فیس وصول کر رہے ہیں اس کی ایک پائی بھی سپورٹس بورڈ میں جمع نہیں ہوتی یہ اکیڈمی سپورٹس بورڈ کے افسر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سہولیات آغاامجد کا بیٹا سعود چلا رہا ہے جس کے پاس نہ تو کوئی کوچنگ کا سرٹیفیکٹ ہے اور نہ ہی کبھی وہ پاکستان لیول پر کوئی بیڈمنٹن کھیلا ہے۔ اس حوالے سے موقف لینے کے لئے جب ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سہولیات آغا امجد اللہ سے رابطہ کیا گیا تو اس نے کہا کہ اکیڈمی سپورٹس بورڈ کیساتھ منسلک ہے اس کی فیس سپورٹس بورڈ میں جمع ہوتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق جعلی اکیڈمی کے ذریعے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آغا امجد اللہ لاکھوں روپے بٹور رہا ہے اس کا بیٹا نوجوان لڑکوں کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ اکیڈمی کے منسلک ہونے کا جھوٹا لالچ دے کر پانچ ہزار روپے وصول کر رہا ہے اور سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال کو استعمال کر رہا ہے اس کرپشن کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو نوٹس لینا چاہیے اور معاملے کی انکوائری کا حکم دینا چاہیے لوگوں کے بچے جعل سازوں کے ہاتھوں لٹنے بچ سکیں۔ ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹی نے بھی واقعہ کا نوٹس لے کر کرپٹ ڈپٹی ڈی جی سہولیات کو کمیٹی کے اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

error: Content is protected !!