سکاٹ لینڈ کی انگلش ٹیم کیخلاف تاریخی جیت

ایڈنبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ) اسکاٹ لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں 6 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔اسکاٹ لینڈ کے شہیر ایڈنبرگ میں کھیلے گئے واحد ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔اسکاٹ لینڈ کے بلے بازوں نے انگلینڈ کے بولرز کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنا ڈالے۔میزبان ٹیم کی جانب سے کیلم مکلائڈ نے یادگار اننگز کھیلتے ہوئے 140 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ان کے علاوہ میتھیو کراس (48)، کائل کٹزر (58) اور جارج منسے (55) رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ اور عادل رشید نے دو، دو جبکہ مارک ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں شاندار آغاز کے باوجود انگلینڈ کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 365 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئرسٹو نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جیسن روئے (34)، ایلکس ہیلز (52)، معین علی (46) اور لیام پلنکٹ (47) رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مارک واٹ نے تین، الیسڈیئر ایونز اور رچی ریبرنگٹن نے دو، دو جبکہ سفیان شریف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔مکلائیڈ کو یادگار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ اسکاٹ لینڈ کی انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں پہلی فتح تھی جو کہ آئی سی سی ایک روزہ کرکٹ کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔پاکستانی ٹیم کو بھی اسکاٹ لینڈ کے خلاف 12 اور 13 جون کو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔

error: Content is protected !!