سکواش کے دو بین الاقوامی ایونٹس کل سے شروع ہونگے

پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام چیف آف ایئر سٹاف ویمن اینڈ پاکستان اوپن مینز انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ (کل) اتوار سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو الگ الگ ایونٹس ہونگے، خواتین کا ٹورنامنٹ 17 سے 22 دسمبر تک جبکہ مردوں کا 17 سے 23 دسمبر تک ہوگا۔ خواتین کے ٹورنامنٹ کی 25 ہزار ڈالر جبکہ مردوں کے ٹورنامنٹ کی 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔خواتین کے ایونٹ میں 28 کھلاڑی حصہ لیں گی جن میں6 پاکستانی اور 22 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کا تعلق ہانگ کانگ، مصر، آسٹریلیا، ملائیشیاء، فرانس، بھارت، سوئٹزرلینڈ اور ایران سے ہے۔ خواتین کا ایونٹ 17 سے 22 دسمبرتک کھیلا جائے گا،17 اور 18 دسمبر کو کوالیفائنگ راؤنڈ، 19 دسمبر کو مین راؤنڈ، 20 دسمبر کو کوارٹرفائنل، 21 دسمبر کو سیمی فائنل جبکہ 22 دسمبر کو فائنل کھیلا جائیگا۔ مردوں کے ایونٹ میں 56 کھلاڑی شرکت کریں گے جن میں28 پاکستانی اور 28 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑی کا تعلق مصر، ہانگ کانگ، ملائیشیا، ویلز، امریکہ سپین، فرانس، پرتگال، آئرلینڈ اور برطانیہ سے ہے، مردوں کے ایونٹ میں 17 اور 18 دسمبر کو کوالیفائنگ راؤنڈ، 19 اور 20 دسمبرکو مین راؤنڈ، 21 دسمبر کو کوارٹر فائنل، 22 دسمبرکو سیمی فائنل جبکہ 23 دسمبرکو فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں۔

 

error: Content is protected !!