شاہین آفریدی اور بابر اعظم نے لاج رکھ لی،پاکستان کی سیمی فائنل کی جانب پیشقدمی جاری

برمنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لیں۔برمنگھم کے ایجبسٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔گزشتہ شب بارش کی وجہ سے گراؤنڈ میں آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر اپنے پہلے ہی اوور میں 5 کے مجموعے پر 5 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کو بولڈ کرکے پاکستان کو ابتدا میں ہی کامیابی دلوادی۔کپتان کین ولیمسن نے کالن منرو کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 24 رنز تک پہنچایا جہاں شاہین آفریدی نے 12 رنز بنانے والے کولن منرو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔شاہین آفریدی نے اپنی تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا، 38 کے مجموعے پر 3 رنز بنانے والے روس ٹیلر اور 46 کے اسکور پر ایک رن بنانے والے ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کیا۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مزاحمت جاری رکھی ہوئی تھی تاہم شاداب خان نے 83 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے والے کین ولیمسن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔83رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد کون ڈی گرینڈ ہوم اور جیمز نیشام نے عمدہ بیٹنگ کی اور تمام پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔دونوں کھلاڑی اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 132رنز کی شراکت قائم کی اور 215رنز کے مجموعی اسکور پر اس شاندار شراکت کا خاتمہ ہوا، گرینڈ ہوم نے 64رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

Pakistan’s Shaheen Shah Afridi celebrates after the dismissal of New Zealand’s Ross Taylor during the 2019 Cricket World Cup group stage match between New Zealand and Pakistan at Edgbaston in Birmingham, central England, on June 26, 2019. (Photo by Paul ELLIS / AFP) / RESTRICTED TO EDITORIAL USE

دوسرے اینڈ سے نیشام نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی جس کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 237رنز بنانے میں کامیاب رہی، نیشام نے 97رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں لیں جبکہ عامر اور شاداب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔**پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 19رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر فخر ایک غیرضروری شاٹ کھیل کر ٹرینٹ بولت کو وکٹ دے بیٹھے۔بابر اعظم اور امام الحق نے اسکور کو 44 تک پہنچایا لیکن باؤلنگ پر متعارف کرائے گئے لوکی فرگیوسن نے اپنی دوسری ہی گیند پر باؤنسر پر امام کو ڈھیر کردیا، وہ 19رنز بنا سکے۔دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی باؤلرز کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے 66رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد حفیظ حریف کپتان کین ولیمسن کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 32رنز بنائے۔اس کے بعد حارث سہیل وکٹ پر آئے اور وہ عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بابر کے ہمراہ اب تک 100رنز سے زائد کی شراکت قائم کر چکے ہیں۔بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور رواں ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔

حارث سہیل 68رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے لیکن کپتان سرفراز نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 101رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور انہیں اس شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست تھی لیکن پاکستان نے انہیں شکست دے کر ایونٹ میں پہلی شکست سے دوچار کردیا۔

error: Content is protected !!