شہریار خان نے کرکٹ بورڈ کے مالی تنازع کا ذمہ دار نجم سیٹھی کو قرار دیدیا


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پاک بھارت سیریز تنازع میں مقدمے کا خرچہ پی سی بی پر ڈالنے کے بعد سابق چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے اس مالی نقصان کا ذمہ دار نجم سیٹھی کو قرار دے دیا۔شہریارخان کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ اس معاملے پرمیں ہمیشہ سے بھارت سے مذاکرات کا قائل تھا، اس حوالے سے بھارتی بورڈ کو نوٹس آف ڈسپیوٹ بھی بھیجا گیا تھاجس میں دونوں بورڈز میں مذاکرات جاری رکھنے کی بات بھی ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آئی سی سی کے اعلیٰ عہدے داروں سے بھی کئی بار بات ہوئی تھی، وہ بھی مذاکرات کے حق میں تھے اور چاہتے تھے کہ معمالہ خوش اسلوبی سے نمٹ جائے۔انہوں نے نجم سیٹھی کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابتدا سے ہی آئی سی سی کی ثالثی کمیٹی میں جانے کا کہا، میں نے اس وقت بھی یہی کہاکہ ہمارے کیس میں جان نہیں ہے اورمزید خسارہ برداشت کرنا پڑ جائے گا مگر وہ نہ مانے۔واضح رہے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولوشن پینل میں پاکستان دونوں ممالک کی سیریز کے تنازع پر بھارت کیخلاف کیس ہار گیا تھا۔کیس میں فتح کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف کیس پر لگنے والے اخراجات کی ادائیگی کا مقدمہ کیا تھا۔آئی سی سی فیصلے کے بعد پی سی بی کو بھارت کے دعوے پر مقدمے کا 60 فیصد خرچہ ادا کرنا پڑے گا،ساتھ پی سی بی کو آئی سی سی کے پینل کا خرچہ بھی ادا کرنا ہوں گے۔

error: Content is protected !!