صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ریسلر انعام بٹ کو 2 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیدیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے رواں ماہ برازیل میں ہونیوالی ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر ریسلر انعام بٹ کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے 2 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیا ہے، اس موقع پر نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ ریسلر انعام بٹ پاکستان کا فخر ہیں جنہوں نے عالمی مقابلوں میں سونے کے تمغے جیتے ہیں اور رواں ماہ برازیل میں ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں چاندی کا میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، ایسے نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی ہماری ذمہ داری ہے، اس موقع پر ریسلر انعام بٹ، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹر ی جنرل محمد ارشد ستار اور ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں اور ان کو جدید سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں، انعام بٹ پاکستان کا ہونہار سپوت ہے یہ کامن ویلتھ گیمز، ایشیئن بیچ گیمز اور ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ میں بھی سونے کے تمغے جیت کر پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کرچکے ہیں جس پر ہم سب کو انعام بٹ پر ناز ہے، یہ بات بھی خوشی کی ہے کہ انعام بٹ نے اکتوبر میں امریکہ میں ہونے والی ورلڈ بیچ سیریز کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا ہے

ایسے کھلاڑیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ اب تک 50 تحصیلوں میں سپورٹس انفراسٹرکچر ہی نہیں بنایا گیا، ہم نے اس اہم معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 30 تحصیلوں میں ملٹی پرپز سپورٹس کملیکس بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں تاکہ ہر نوجوان کو سپورٹس کی سہولت میسر ہو۔


ریسلر انعام بٹ نے بات چیت کرتے ہوئے پنجاب حکومت ، سپورٹس بورڈ پنجاب اور صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی کا شکریہ ادا کیا ہے، انعام بٹ نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے میری ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے جس سے مجھ میں جیت کا جذبہ مزید بڑھ جاتا ہے، انشاء اللہ پاکستان کے لئے مزید کھیلوں گا، ملک کے لئے مزید میڈلز جیتوں گا اور قومی پرچم دنیا میں بلند کروں گا، میں نے ورلڈ بیچ سیریز کے لئے تیاری شروع کردی ہے۔

error: Content is protected !!