عالمی کپ، مایوس کن آغاز کے باوجود نیوزی لینڈ پاکستان کو جیت کیلئے کتنا ہدف دیدیا؟

برمنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ ورلڈکپ کے اہم ترین میچ میں نیوزی لینڈ نے کولن ڈی گرینڈ ہوم اور جیمز نیشام کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو فتح کے لیے 238رنز کا ہدف دیا ہے۔برمنگھم کے ایجبسٹن میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔گزشتہ شب بارش کی وجہ سے گراؤنڈ میں آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر اپنے پہلے ہی اوور میں 5 کے مجموعے پر 5 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کو بولڈ کرکے پاکستان کو ابتدا میں ہی کامیابی دلوادی۔کپتان کین ولیمسن نے کالن منرو کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 24 رنز تک پہنچایا جہاں شاہین آفریدی نے 12 رنز بنانے والے کولن منرو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔شاہین آفریدی نے اپنی تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا، 38 کے مجموعے پر 3 رنز بنانے والے روس ٹیلر اور 46 کے اسکور پر ایک رن بنانے والے ٹام لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مزاحمت جاری رکھی ہوئی تھی تاہم شاداب خان نے 83 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے والے کین ولیمسن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔83رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد کون ڈی گرینڈ ہوم اور جیمز نیشام نے عمدہ بیٹنگ کی اور تمام پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔دونوں کھلاڑی اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 132رنز کی شراکت قائم کی اور 215رنز کے مجموعی اسکور پر اس شاندار شراکت کا خاتمہ ہوا، گرینڈ ہوم نے 64رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔دوسرے اینڈ سے نیشام نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی جس کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 237رنز بنانے میں کامیاب رہی، نیشام نے 97رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور دونوں ہی کپتانوں نے اپنی گزشتہ میچ کی ٹیم کے ساتھ ہی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔

error: Content is protected !!