عالمی کپ فٹبال،دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا کروشیا سے ٹکرائو

کراچی (سوپرٹس لنک رپورٹ) ورلڈ فٹ بال کپ2018 کا دوسرا سیمی فائنل  آج پاکستانی وقت کے مطابق رات11 بجے 1966 کی ورلڈ چیمپئن انگلینڈ اور تیزی سے ابھرتی ہوئی مضبوط ٹیم کروشیا کے درمیان ماسکو میں ہوگا۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری کین اور منیجر گیراتھ سائوتھ گیٹ پرامید ہیں کہ انگلینڈ کا دفاع کروشیا کے خطرناک ترین مڈفیلڈر لیوکا موڈرچ اور راکیٹچ کو روکنے میں کامیاب رہے گا۔ انگلش ٹیم سوئیڈن کو صفر۔2 سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچی جب کہ کروشیا کو اس مرحلے تک آنے کے لئے میزبان روس کو ہرانے کے لئے اضافی وقت اور پنالٹی ککس کا سہارا لینا پڑا۔ کروشیا 1998 ورلڈ کپ کے بھی سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔ منیجر زلاٹکو ڈالچ کا کہنا ہے کہ ٹیم جیت کے لئے ’’آل آئوٹ‘‘ جائے گی۔ انگلینڈ، بیلجیم اور فرانس کی ٹیموں کا احترام کرتے ہیں لیکن پھر بھی ’’میری ٹیم میری اپنی‘‘ ہوتی ہے۔ انگلینڈ کے رواں ورلڈ کپ میں5 گول ہیڈ کے ذریعے بنے ہیں۔ کروشیا کی ٹیم گروپ مرحلے میں دو بار کی عالمی چیمپئن ٹیم ارجنٹائن کو ہرا کر سیمی فائنل تک پہنچی ہے۔ انگلینڈ اور کروشیا کا کسی بڑے ٹورنامنٹ میں یہ دوسرا میچ ہو گا۔ 2004 کی یورپین چیمپئن شپ میں انگلینڈ نے کروشیا کو4-2 گول سے ہرایا تھا۔ مجموعی طور پر یہ آٹھواں میچ ہو گا۔ چار انگلینڈ اور دو کروشیا نے جیتے، ایک میچ برابر رہا۔ گزشتہ سات میں سے چھ میچز بدھ ہی کو کھیلے گئے۔ نومبر2007 میں کروشیا نے انگلینڈ کو2-3گول سے ہرا کر اسے2008 کی یورپین چیمپئن شپ کے لئے کوالیفائی کرنے سے محروم رکھا۔ کروشیا گزشتہ9 میچوں سے ناقابل شکست ہے۔ ستمبر2017 میں کروشیا کو ترکی نے ہرایا تھا۔ انگلینڈ اپناتیسرا ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیل رہا ہے۔ 1966 میں اس نے پرتگال کو2-1گول سے ہرایا اور1990 میں مغربی جرمنی نے پنالٹی ککس پر اسے ہرایا تھا۔ انگلینڈ کے ہیری کین6 گول کے ساتھ ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ 1974میں پولینڈ کے گریگوری سالاٹو نے7 گول اور 1970ء میں مغربی جرمنی کے گرڈ ملر نے10 گول کئے تھے۔

error: Content is protected !!