عالمی کپ فٹبال،کنگ کا فیصلہ کل،تیسری پوزیشن کا میچ آج

ماسکو (سپورٹس لنک رپورٹ) ورلڈ کپ فٹ بال 2018کا فائنل اتوار 15جولائی کو کھیلا جانا ہے۔فٹبال کنگ بننے کیلئے فیورٹ فرانس اور پرجوش کروشیا نے کمر کس لی ہے۔ فرانس فائنل جیت کر 2016 یورو کپ میں شکست کا غم بھلانا چاہتا ہے ۔لیکن اس سے قبل تیسری پوزیشن کا میچ  آج  سینٹ پیٹرز برگ کے کرستوسکی فٹ بال اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور بیلجئم کے درمیان ہوگا۔ دونوں ٹیمیں بھاگتے چور کی لنگوٹی سہی کے مترادف تیسری پوزیشن حاصل کرنے کیلئے سردھڑ کی بازی لگائیں گی۔ کھیل مقامی وقت کے مطابق شام پانچ جبکہ پاکستان میں شام سات بجے شروع ہوگا۔بیلیجئم کیلئے حوصلہ افزا خبر میچ کیلیے دفاعی کھلاڑی تھوماس میونیئر کی دستیابی ہے۔ وہ معطلی کے سبب فرانس کے خلاف سیمی فائنل نہیں کھیل پائے تھے۔ ہیڈ کوچ رابرٹو مارٹینیز پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں کرسکتے ہیں کہ لیکن مبصرین کا خیال ہے کہ انہیں کسی بھی صورت میں اسٹرائیکر رومیلو لوکاکو کو ڈراپ نہیں کرنا چاہیے۔ وہ ٹورنامنٹ میں چار گول اسکور کرچکے ہیں اور چھ گول بنانے والے انگلش کپتان ہیری کین کے ساتھ گولڈن بوٹ ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ دوسری جانب سیمی فائنل میں انگلینڈ کیلئے واحد گول کرنے والے کائران ٹریپیئر کی میچ میں شرکت مشکوک ہے ۔ وہ کروشیا کے خلاف لاسٹ فور مرحلے میں گروئن انجری کا شکار ہوئے تھے۔ انگلش منیجر گیراتھ سائوتھ گیٹ نے کہا ہے کہ اگر ٹریپیئر فٹ ہوگئے تو انہیں حیرت ہوگی۔ بیلجئم کی گولڈن جنریشن اس میچ کو 2020 کے اگلے یوروکپ کی تیاریوں کا آغاز سمجھ کر کھیلنے کی خواہاں ہے۔ کوچ مارٹینیز کہتے ہیں کہ ہماری نظریں 2020 یورو کپ پر ہیں، البتہ فی الحال تیسری پوزیشن پانے کی کوشش کرینگے۔ دوسری جانب انگلش منیجر سائوتھ گیٹ نے صاف گوئی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ٹیم یہ میچ کبھی نہیں کھیلنا چاہتی۔ بہرحال ہم نے خوب ٹریننگ کی ہے۔ اور ہم بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بیلجئم اور انگلینڈ گروپ جی میں ساتھ تھیں اور بیلجئم نے اسے گروپ میچ میں شکست دی تھی۔ اس لحاظ سے بیلجئم کی ٹیم اس میچ میں انگلینڈ کے خلاف نفسیاتی برتری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔بیلجئم نے گروپ جی میں سب سے زیادہ 9 پوائنٹس حاصل کرکے سرفہرست پوزیشن حاصل کی تھی۔ گروپ مرحلے کے بعد اسے ٹورمنٹ کی ٹاپ ٹیم قرار دیا رہا تھا۔ پری کوارٹر فائنل میں اس نے پری کوارٹر فائنل میں بیلجئم نے جاپان کو جبکہ کوارٹر فائنل میں اس نے ٹاپ فیورٹ برازیل کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن سیمی فائنل فرانس کے ہاتھوں شکست کے پہلی اور دوسری پوزیشن کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔بیلجئم کی ٹیم 1986 ءکے بعد پہلی مرتبہ سیمی فائنل مرحلے میں پہنچی تھی جبکہ انگلینڈ نے گروپ جی میں چھ پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ پری کوارٹر فائنل میں اس نے کولمبیا کو اور کوارٹر فائنل میں سوئیڈن کو ہرایا لیکن سیمی فائنل میں کروشیا کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹاپ ٹو پوزیشن سے آئوٹ ہوئی۔ انگلینڈ کی ٹیم 28سال کے بعد ورلڈ کپ فٹ بال کے سیمی فائنل میںپہنچی تھی جہاں کروشیا نے اسے شکست دیکر فائنل میں پہنچنے کا خواب ٹھکانے لگایا۔ خیال رہے کہ تیسری پوزیشن کی فاتح ٹیم کو 24 کروڑ ڈالر اور چوتھے نمبر کی ٹیم کو 22 کروڑ ڈالر دیئے جائیں گے۔

error: Content is protected !!