عالمی کپ فٹبال 2018 کا معمر ترین کھلاڑی

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)مصر کے گول اعصام الحیدری ورلڈ کپ فائنلز کی تاریخ کے معمر ترین پلیئر بن گئے ،سعودی عرب نے مصر کو شکست دے کر 24 سال میں پہلی فتح ممکن بنائی جبکہ یوروگوئے کی جانب سے لوئیس سواریز ٹاپ اسکورر بن گئے ۔مصری گول کیپر اعصام الحیدری کا سعودی عرب کیخلاف میچ کے بعد ایونٹ میں سفر تمام ہو گیا لیکن وہ 45 سال اور پانچ ماہ کی عمر میں ورلڈ کپ فائنلز میں شریک سب سے معمر کھلاڑی بن گئے ۔انہوں نے مقابلے اختتام پر اپنی اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے تین متواتر شکستوں پر پوری قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری کوشش کی لیکن قسمت ساتھ نہیں تھی اور یہی فٹ بال کا کھیل ہے ۔اعصام الحیدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو کامیابیاں حاصل کیں ان پر فخر ہے جس میں ان کے ساتھیوں کی مدد بھی شامل تھی اور یہ مصر کیلئے کارآمد ثابت ہوں گی۔ مصر اور سعودی عرب کا میچ اختتامی لمحات تک برابر محسوس ہو رہا تھا لیکن انجری ٹائم میں گول نے سعودی ٹیم کو 24 سال میں پہلی فتح سے ہمکنار کرادیا۔سمارا میں میزبان ٹیم روس کیخلاف گول کر کے یوروگوئے کے لوئس سواریز نے ورلڈ کپ فائنلز میں اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ گولز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر ساتویں گول کی بدولت ڈیگو فورلان کو فہرست میں دوسرے نمبر پر دھکیل دیا۔ روسی کھلاڑی ڈینس چیری شیف کی جانب سے رواں ایونٹ کے چھٹے اون گول نے 1998ء میں بنایا ہوا ایک ورلڈ کپ میں زائد اون گولز کا ریکارڈ برابر کیا جبکہ یوروگوئے کے ایڈنسن کیوانی نے لوئس سواریز کا مسلسل تین ایڈیشنز میں گول کرنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔

error: Content is protected !!