عالمی کپ کرکٹ،انگلینڈ کی جیت سے سیمی فائنل مرحلے کی دوڑدلچسپ صورتحال اختیار کرگئی

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان انگلینڈ نے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست بھارت کو 31 رنز کی پہلی شکست سے دوچار کیا۔ جس سے سیمی فائنل کی دوڑ دلچسپ ہوگئی ہے میچ سے پہلے ویرات کوہلی نے کہا تھا کہ آج پاکستانی بھی بھارت کو سپورٹ کریں گے۔انگلینڈ کی جیت کے باوجود پاکستان کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات موجود ہیں لیکن پاکستان کو آخری چار ٹیموں میں جگہ بنانے کے لئے اب دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔ اس کے لئے صورتحال گھمبیر ہے۔اس وقت دفاعی چیمپین آسٹریلیا آٹھ میچوں میں 14پوائنٹس کے ساتھ کوالی فائی کرنے والی واحد ٹیم ہے۔ انگلینڈ کے 8 میچوں میں دس پوائنٹس ہیں اور اس کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات روشن ہیں۔پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل میں جانے کے لئے سب سے آسان فارمولا یہ ہے کہ بدھ کو چیسٹرلی اسٹریٹ میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ کو شکست دے اور پاکستان جمعے کو لارڈز میں بنگلہ دیش کے خلاف فاتح بنے۔ اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا دیتا ہے تو انگلینڈ کو بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہوگی۔پاکستان کو بنگلہ دیش کو ہرانے کے ساتھ ساتھ اپنا نیٹ رن ریٹ بھی بہتر بنانا ہوگا۔ اگر انگلینڈ نیوزی لینڈکو شکست دے اور پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف فاتح بنے تو پھر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے گیارہ گیارہ پوائنٹس ہوں گے اور فیصلہ نیٹ ریٹ پر ہوگا۔اس وقت نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہے۔ انگلینڈ کی جیت کے بعدپاکستان اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے سے پانچویں نمبر پرچلا گیا ہے اور سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اسے نہ صرف بنگلہ دیش کو ہرانا ضروری ہے بلکہ یہ امید بھی کرنی ہے کہ نیوزی لینڈ تین جولائی کو انگلینڈ کو شکست دیدے۔سیمی فائنل کی دوڑ میں سری لنکا اور بنگلہ دیش بھی ہیں لیکن انہیں بھی پاکستان کی طرح دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔ اس وقت بھارت نے سات میچ کھیلے ہیں اس کے گیارہ پوائنٹس ہیں پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کا دوسرا نمبر ہے۔نیوزی لینڈ نے 8 میچوں میں سے پانچ میچ جیتے ہیں اس کے گیارہ پوائنٹس ہیں۔ پاکستان نے آٹھ میچوں میں سے چار میچ جیتے اور ایک میچ میں بارش کی نذر ہوا ہے اس کے نو پوائنٹس ہیں لیکن پاکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی صفر اعشاریہ792ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا رن ریٹ مثبت صفر اعشاریہ 572 ہے۔ورلڈ کپ میں بھارت کو ایک میچ سری لنکا سے لیڈز اور دوسرا میچ بنگلہ دیش سے پیر کو کھیلنا ہے۔ اگر انگلینڈ اتوار کو برمنگھم کا میچ ہار جاتا تو پاکستان اور بنگلہ دیش کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہو سکتے تھے۔

error: Content is protected !!