عالمی کپ کرکٹ،بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو ہلکان کر ڈالا۔۔۔

ٹاؤنٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلہ دیش نے شکیب الحسن کی عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈین کو ورلڈ کپ میں 7وکٹوں سے شکست دے دی۔بنگلہ دیش نے ٹونٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر درست معلوم ہوا اور جارح مزاج بلے باز کرس گیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد ایون لوئس کا ساتھ دینے شے ہوپ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 116رنز کی شراکت قائم کی۔اس موقع پر تجربہ کار شکیب الحسن نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 70رنز بنانے والے لوئس کا کام تمام کردیا۔نکولس پوران اچھی فارم میں نظر آئے لیکن وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد 25رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود ہوپ ڈٹے رہے اور شیمرون ہٹمائر کے ساتھ 83رنز کی شراکت قائم کر کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی لیکن نصف سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی مستفیض نے ہٹمائر کو چلتا کردیا جبکہ دو گیندوں بعد ہی انہوں نے خطرناک آندرے رسل کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔کپتان آندرے رسل نے آ کر 15 گیندوں پر 33رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ شے ہوپ نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 96رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد مستفیض کی تیسری وکٹ بن گئے۔اختتامی اوورز میں ڈیرن براوو نے دو چھکے لگا کر اپنی ٹیم کی ٹرپل سنچری مکمل کرائی اور مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 321رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض اور محمد سیف الدین نے تین، تین وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 52رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد آندرے رسل نے سومیا سرکار کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔تمیم اقبال کا ساتھ دینے تجربہ کار شکیب الحسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 69رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح ک یراہ پر گامزن کیا لیکن رن آؤٹ کے نتیجے میں تمیم اقبال کی اننگز اختتام کو پہنچی جنہوں نے 48رنز بنائے۔ابھی بنگلہ دیشی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ انہیں ایک رن بنانے والے مشفیق الرحیم کی شکل میں ایک اور قیمتی وکٹ گنوانی پڑی۔133رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شکیب کا ساتھ دینے لٹن داس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کرکٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین باؤلرز کو ہلکان کردیا۔اس کے بعد جیسن ہولڈر نے وکٹ کے حصول کی متعدد کوششیں کی لیکن شکیب اور لٹن داس کے سامنے ان کی ایک نہ چلی اور بنگلہ دیش نے 322رنز کا ہدف 51گیندوں قبل ہی حاصل کر لیا۔شکیب اور داس نے چوتھی وکٹ کے لیے ناقابل شکست 189رنز کی شراکت قائم کردی۔شکیب الحسن نے 124رنز کی عمدہ باری کھیلی جبکہ لٹن داس 69گیندوں پر 4چھکوں اور 8 چوکوں سے مزین 94رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔شکیب الحسن کو دو وکٹیں اور سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

error: Content is protected !!