عالمی کپ کرکٹ،نیوزی لینڈ کی دوسری کامیابی،بنگلہ دیش کو شکست کا سامنا

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء میں نیوزی لینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی سمٹ لی۔ورلڈ کپ کے نویں میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دو وکٹوں سے ہرایا۔نیوزی کی جانب سے راس ٹیلر نے سب سے زیادہ 82 رنز بنائے جبکہ کپتان کین ولیمسن 40، مارٹن گپٹل اور جیمز نیشم 25، 25، کالن منرو 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ کالن ڈی گرانڈہوم 13، میٹ ہینری 6 اور ٹام لیتھم صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔مچل سینٹنر 17 اور لوکی فرگیوسن 4 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن، شکیب الحسن، محمد سیف الدین اور مصدق حسین نے نیوزی لینڈ کے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پہلے کھیلتے ہوئے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 49.2اوورز میں 244رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی اس طرح ٹائیگرزنے کیویز کو جیت کے لیے 245رنز کا ہدف دیا تھا۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم آج بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 45پر گری جب سومایا سرکار 25رنز پر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد 60کے مجموعے پر تمیم اقبال بھی 24رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

تاہم اس موقع پر شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے 50رنز کی ایک اچھی شراکت قائم کی۔اس موقع پر مشفق الرحیم 19رنز پر رن آئوٹ ہوگئے، بنگلہ دیش کو بڑا نقصان اس وقت ہوا جب اسکے ان فارم بیٹسمین شکیب الحسن 64رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔جسکے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور یکے بعد دیگرے اسکے بیٹسمین پویلین لوٹتے رہے۔محمد میتھون 26، محمود اللہ 20، مصدق حسین 11، محمد سیف الدین 29، مہد حسن مرزا7اور کپتان مشرفی مرتضیٰ ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئےجبکہ آخری بنگلہ دیشی بلے باز مستفیض الرحمنٰ کوئی رن بنائے بغیر ناٹ آئوٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے آج بہت اچھی بولنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا، میتھیو جیمز ہنری سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 وکٹیں لیں، جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے دو، لوکی فرگوسن،کالن ڈی گرینڈ ہوم اور میچل سانٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

error: Content is protected !!