عالمی کپ کرکٹ،کیویز نے سری لنکا کو 10وکٹوں سے پچھاڑ دیا

کارڈف(عبدالرحمان رضا)نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی 10وکٹوں سے شکست دے دی۔کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو اس وقت درست ثابت ہوا جب لہیرو تھری مانے صرف 4رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر کوشل پریرا اور کپتان دمتھ کرونارتنے نے 42رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو کچھ سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن 29رنز بنانے والے پریرا کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور 60 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے ایشین ٹیم 6وکٹیں گنوا چکی تھی۔اس مرحلے پر کپتان کا ساتھ دینے تھسارا پریرا آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 52رنز کی شراکت قائم کی لیکن مچل سینٹنر کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں تھسارا پریرا کی 27رنز کی اننگز تمام ہوئی۔دوسرے اینڈ پر موجود کرونارتنے نے نصف سنچری اسکور کی لیکن وہ بے بسی کے ساتھ ساتھی کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا تماشا دیکھتے رہے اور بیٹ کیری کیا۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 30ویں اوور میں 136رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور ان کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگیوسن اور میٹ ہنری تین، تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا اور 17ویں اوور کی پہلی گیند پر نیوزی لینڈ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ہدف حاصل کر لیا۔مارٹن گپٹل نے 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 73 اور کولن منرو نے 58رنز بنائے۔میٹ ہنری کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

error: Content is protected !!