عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ،افغانستان نے آسڑیلیا کو جیت کیلئے 208رنز کا ہدف دیدیا

برسٹل (سپورٹس لنک رپورٹ)افغانستان نے آسٹریلیا کو ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں فتح کے لیے 208 رنز کا ہدف دیا ہے۔برسٹل میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 5 رنز پر اس کے دونوں اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ چکے تھے۔اس موقع پر رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی کی جوڑی نے 51رنز کی شراکت قائم کی لیکن حشمت اللہ 18رنز بنانے کے بعد ایڈم زامپا کی گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔ابھی افغان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ رحمت شاہ کی 43رنز کی اننگز بھی تمام ہوئی جبکہ محمد نبی پویلین لوٹے تو 77رنز پر آدھی افغان ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد بھی افغان بلے بازوں نے ہمت نہ ہاری اور اس مرحلے پر کپتان گلبدین نائب اور نجیب اللہ زدران آسٹریلین باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے اور 83رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔تاہم پھر دونوں ہی بلے باز یکے بعد دیگرے 31 اور 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد مارکس اسٹوئنس کی وکٹ بن گئے۔اختتامی اوورز میں راشد خان نے 27رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ مجیب الرحمان نے بھی 13رنز کی باری کھیلی جس کی بدولت افغانستان نے 200 کا ہندسہ پار کیا۔افغانستان کی پوری ٹیم 39ویں اوور میں 207رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور ایڈم زامپا تین، تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ اسٹوئنس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

error: Content is protected !!