عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ،افغانستان کو پھر شکست،جنوبی افریقہ کی ایونٹ میں پہلی جیت

کارڈف (سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ورلڈ کپ 2019 میں افغانستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر بالآخر پہلی کامیابی حاصل کرلی۔کارڈف میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔تجربہ کار اوپنر شہزاد کی خدمات سے محروم افغانستان کی ٹیم کے دونوں اوپنرز حضرت اللہ زازئی اور نورعلی زادران نے 8 اوورز میں صرف 39 رنز بناسکے۔رابادا کی ایک اچھی گیند پر حضرت اللہ نے وین ڈوسن کو کیچ دیا جس کے نتیجے میں ان کی 22 رنز کی اننگز کا خاتمہ ہوا اس کے علاوہ نئے بلے باز رحمت شاہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور صرف 6 رنز کا اضافہ کرپائے۔نورعلی زادران اور حشمت اللہ شاہدی نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے مقدور بھر کوشش کی لیکن ناکام ہوئے اور 69 کے اسکور پر حشمت اللہ شاہدی آوٹ ہوگئے۔افغانستان کا اسکور 69 رنز تھا تو بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا اور بارش کے تھمتے ہی جب کھیل کا آغاز ہوا تو افغان ٹیم کو اوپنر نور علی زادران کی وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا جن کو عمران طاہر نے آوٹ کردیا۔جنوبی افریقہ نے بارش کے بعد تیز کھیل کا مظاہرہ کیا اور افغانستان کی مزید دو وکٹیں گرادیں، عمران طاہر نے اصغر افغان اور فیلوکوایو نے محمد نبی کو 70 کے مجموعے میں آوٹ کرکے افغانستان کی ٹیم کو بڑا نقصان پہنچایا۔

راشد خان نے جنوبی افریقی باؤلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی لیکن عمران طاہر نے افغان بلے بازوں کو ترنوالہ بنایا اور 4 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کو 125 تک محدود کردیا۔افغانستان کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، راشد خان نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے سب سے زیادہ 4، کرس مورس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، فیلکووایو نے 2 اور رابادا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔آسان ہدف کے تعاقب میں ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 23 ویں اوور میں 100 رنز کی شراکت مکمل کی تاہم اس دوران ڈی کوک نے نصف سنچری بنائی جبکہ آملہ بظاہر مشکلات کا شکار نظر آئے۔ڈی کوک 68 رنز بنانے کے بعد گلبدین نائب کی گیند پر محمد نبی کو کیچ دے بیٹھے تاہم اس وقت جنوبی افریقہ نے 104 رنز بنائے تھے۔دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیےفیلکووایو کو بھیجا گیا جنہوں نے 126 رنز کا ہدف عبور کرنے تک ہاشم آملہ کا بھرپور ساتھ دیا۔

جنوبی افریقہ نے 29 ویں اوور کی چوتھی گیند پر فیلکووایو کی جانب سے لگائے گئے چھکے کی مدد سے 131 رنز بنا کر حاصل کر کے میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا۔خیال رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی یہ پہلی فتح ہے اور پہلی مرتبہ ایونٹ کے کسی میچ کے پورے 2 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔عمران طاہر کو 4 وکٹیں حاصل کرنے کی اچھی کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

error: Content is protected !!