عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ، پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 349رنز کا ہدف دیدیا

ناٹنگھم(سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دیا ہے۔ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا

انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کو تیسرا نقصان 199 کے مجموعے پر ہوا جب بابر اعظم معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 63 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔محمد حفیظ نے بھی 62 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آصف علی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، انہیں کرس ووکس نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز اسکور کئے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تین، مارک ووڈ اور کرس ووکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایونٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کو کامیابی اور پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سات وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی۔

error: Content is protected !!