عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ،سری لنکا نے میزبان انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا دیا

لیڈز(سپورٹس لنک رپورٹ) ورلڈکپ کے 27 ویں میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دیدی۔لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی دو بلے باز محض 3 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔کرونارتنے ایک اور کشال پریرا دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد تیسری وکٹ پر فرننڈس اور کشال مینڈس نے محتاط انداز اپنایا اور 59 رنز کی شراکت قائم کی۔فرنینڈو 39 گیندوں پر2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز پر کرس ووکس کی گیند پر عادل رشید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔کشال مینڈس نے بھی 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آؤٹ آف فارم اینجلو میتھیوز نے آج ذمے دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

دھننجیا ڈی سلوا نے بھی 29 رنز کی اننگز کھیلی۔سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے آرچر اور مارک ووڈ نے تین تین جب کہ عادل رشید نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ کی جانب سے سری لنکن ہدف کے تعاقب میں جیمز ونس اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن بیئراسٹو پہلی ہی گیند پر ملنگا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔جیمز ونس بھی 14 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے، جو روٹ نے 57 اور اوئن مورگن نے 21 رنز کی اننگز کھیلیں۔ جوس بٹلر 10 اور معین علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسہ جاری رہا تو دوسری جانب بین اسٹوکس کی جانب سے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسہ جاری رہا اور وہ آخر تک سری لنکن بولرز کے آگے ڈٹے رہے۔بین اسٹوکس 82 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پوری ٹیم 47 اوورز میں 212 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ دھننجیا ڈی سلوا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ملنگا کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں 6، 6 میچز کھیل چکی ہیں، انگلینڈ کو 4 میچز میں کامیابی حاصل ہوئی جب کہ دو میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سری لنکن ٹیم بھی 6 میچز میں سے دو میں کامیابی حاصل کر چکی ہے اور دو ہی میچز میں اسے شکست ہوئی ہے جب کہ آئی لینڈرز کے دو میچز بارش کی نذر بھی ہوئے ہیں۔

error: Content is protected !!