عدنان ارشد اولکھ نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے جمعرات کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، چارج سنبھالنے کے بعد سپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران نے ان سے ملاقات کی، بعدازاں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کو شعبہ پلاننگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر رئوف باجوہ نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، درجنوں منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، اس موقع گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں

منصوبوں کی تعمیر میں کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اس معاملہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سپورٹس کے نئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، پنجاب حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے، صوبہ میں سپورٹس کے کلچرکو فروغ دینے کے لئے کھلاڑیوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے، اس کے لئے سپورٹس کے لئے خطیر رقم بھی مختص کی گئی ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس کا فروغ اور ترقی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے

اس کے لئے اہم اقدامات کریں گے، نیا ٹیلنٹ تلاش کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی ۔عدنان ارشد اولکھ اس سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری ہوم تعینات تھے، وہ ڈپٹی کمشنر قصور، حافظ آباد، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بھی تعینات رہ چکے ہیں، عدنان ارشد اولکھ انتظامی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

error: Content is protected !!