عمران خان ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرینگے،سرفراز

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سمیت دیگر کھلاڑیوں نے عمران خان کو انتخابات میں فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے قوی امید ہے کہ پاکستان کے عظیم ترین کرکٹر کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر طے کرے گا۔سرفراز احمد نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان کرکٹ ٹیم کو دوام بخشا اور یہ ان کی شاندار اہلیت اور مدبرانہ قیادت تھی کہ جس کی بدولت پاکستان عالمی کپ جیتنے میں کامیاب ہوا، توقع ہے کہ سیاسی میدان میں قدم رکھنے والے عمران خان پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔ایشین بریڈ مین کے نام سے معروف سابق ٹیسٹ کپتان اور آئی سی سی کے سابق صدر ظہیر عباس نے بھی عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد کے پیغامات دیے ہیں، انھوں نے کہاکہ عمران نے دنیائے کرکٹ میں عظیم کارنامے انجام دے کر اپنے ملک کا نام روشن کیا، دنیا آج بھی ان کی عمدہ قیادت کی معترف ہے۔ امید ہے کہ عمران خان ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ درپیش مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں کامیاب رہیں گے جبکہ ان کے وزیر اعظم بننے سے پاکستان کرکٹ کو بھی استحکام ملے گا۔

error: Content is protected !!