عمران خان کی تقریب حلف برداری،،گواسکر نہیں آئینگے

نئی دہلی (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے عمران خان کے بحیثیت وزیراعظم پاکستان حلف اُٹھانے کی تقریب میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔عمران خان نے گواسکر کے علاوہ کپل دیو اور نوجوت سدھو کو بھی دعوت نامہ بھجوایا تھا۔سدھو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اور کپل دیو پاکستان آ رہے ہیں جبکہ سنیل گواسکر نے اپنی مصروفیات کے سبب عمران خان کی تقریب ِ حلف برداری میں شریک ہونے سے معذرت کی ہے۔سابق بھارتی کپتان نے ’انڈیاٹوڈے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ٹیلی فون پر عمران خان کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے تاہم اپنی مصروفیات کے باعث پاکستان جانے سے معذوری ظاہر کی ہے۔انہیں 18اگست کو بھارت اور انگلینڈ کے میچ کے دوران وہاں موجود ہونا ہے۔گواسکر کا کہنا تھا کہ ایک کرکٹر کے طور پر عمران خان کئی بار بھارت آ چکے ہیں۔وہ بھارت کو بہت زیادہ جانتے ہیں اور توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ دونوں ملکوں میں تعلقات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گے۔نوجوت سدھو نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ مل گیا ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کپل دیو نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ انہیں بھی دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھیجے گئے دعوت نامے میں لکھا گیا ہےکہ ’’چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے حلف برداری کی تقریب میں آپ کو مدعو کرنا انتہائی مسرت کا باعث ہے۔حلف برداری کی یہ تقریب ہفتہ 18اگست 2018ء کو اسلام آباد میں ہو گی۔اس تاریخی موقع پر آپ کی موجودگی باعثِ افتخار ہو گی‘‘۔

error: Content is protected !!