فروغ فٹبال کیلئے پی ایف ایف کے اقدامات قابل ستائش ہیں‘ محمود ٹرنک والا


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان میں فٹبال کھیل کی ترقی کیلئے صدر فیڈریشن فیصل صالح حیات کے اقدامات قابل ستائش ہیں ۔ قومی سطح پر فٹبال کھیل کی سرگرمیاں تواتر سے جاری ہیں اور قومی ٹیم ایک بار پھر انٹرنیشنل ایونٹ کا حصہ بن رہی ہے جس سے کھلاڑی پُرجوش اور پُرعزم ہیں۔ان خیالات کا اظہار ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا نے فیفا فٹبال ہاؤس لاہور میں صدر فیڈریشن مخدوم فیصل صالح حیات سے ایک خصوصی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر لیثررلیگس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہزیب ٹرنک والااور صدر، پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات شاہزیب ٹرنک والا جو انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے نائب صدر بھی ہیںنے لیثررلیگس کی جانب سے گذشتہ دو سالوں سے ملک بھر ہونے والی فٹبال سرگرمیوں سے متعلق صدر فیڈریشن سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انہیں بتایا کہ لیثررلیگس 5,6 & 7سائیڈفٹبال ہے جسکا گزشتہ سال کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سے بیک وقت آغاز کیا گیا اور اب اس کا دائرہ وسیع ہوکر 12شہروں تک پھیل گیا ہے جہاں تواتر کے ساتھ لیثررلیگس کے مقابلے سیزن کی بنیاد پر کھیلے جارہے ہیں۔ سیزن کی چمپئن ٹیموں کے مابین انٹراسٹی بعدازاں کراچی ، لاہور، اسلام آباد، پشاور، مردان، کوئٹہ، قلعہ سیف اﷲ اور حیدر آباد کے مابین نیشنل چمپئن شپ کا کامیاب انعقادکراچی میں 28تا30جون کیا گیا ۔ نیشنل چمپئن شپ کی فاتح لاہور کی آئی سی اینڈ ڈبلیو(آئی کین اینڈ ول) نے بحیثیت نیشنل چمپئن 23تا29ستمبر 2018پُرتگال کے شہر لسبن میں ہونے والے سکس اے سائیڈ آئی ایس ایف ورلڈ کپ کا ٹکٹ حاصل کیا جہاں دنیا کی 32ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ پاکستان کو گروپ ’بی‘ میں اسپین، رشیا اور مالڈوا کے ساتھ رکھا گیا ہے ۔ پاکستان ٹیم 21ستمبر کو کراچی سے پُرتگال کے شہر لسبن براستہ اسپین روانہ ہوگی۔شاہزیب ٹرنک والا نے صدر فیڈریشن کو بتایا کہ گذشتہ سال جولائی میںدنیائے فٹبال کے لیجنڈری فٹبالر رونالڈینیواور ریان گگس کے ہمراہ 7عظیم فٹبالرز لیثررلیگس کی دعوت پر پاکستان تشریف لائے اور کراچی اور لاہور میں مقامی کھلاڑیوں کے ہمراہ دو نمائشی میچز بھی کھیلے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آمد سے پاکستان کا سوفٹ امیج پوری دنیا میں گیا بعدازاں دیگر کھیلوں سے وابستہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان کا رخ کیا۔ لیثررلیگس کے اس اقدام کودنیا بھر میں سراہا گیا۔صدر فیڈریشن مخدوم فیصل صالح حیات نے لیثررلیگس کی فٹبال کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بیحد سراہا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن اور لیثررلیگس ایک ساتھ مل کر پاکستان میں فٹبال کی ترقی اوراسکی بہتری کیلئے کام کریں گے اور جلد اس اقدام سے پاکستان کی فٹبال میں انقلابی اورمثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی۔جو پاکستان کے ہر فٹبال لور کا دیرینہ خواب ہے۔سردار نوید حیدر نے بھی پاکستان فٹبال فیڈریشن اور لیثررلیگس کے مابین ہونے والی ملاقات کو فٹبال کی ترقی کیلئے خوش آئند قراردیا۔

error: Content is protected !!