فضل محمود کرکٹ‘ شمیل سی سی نے فاتح ٹرافی اپنے شوکیس کی زینت بنالی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) شمیل سی سی نے آسان مقابلے کے بعد بقائی ڈولفن کو 158رنز سے شکست دے کر فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ ، زونIIIکی فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔آصف نواز اور علی مہر کی نصف سنچریوں کا فتح میں کلیدی کردار جبکہ ذیشان جمیل کی 4وکٹیں بھی کارگر ثابت ہوئیں۔ناکام سائیڈ کے اسد نواب کے 46رنز اور عنایت اﷲ خان کی 4وکٹیں ان کی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکیں۔ایسٹرن اسٹار گراؤنڈپر کھیلے گئے فائنل میں شمیل سی سی اور بقائی ڈولفن کی ٹیمیں باہم مقابل تھیں جو بالترتیب محمد حسین سی سی اور گلستان سی سی کو سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھیں۔شمیل سی سی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50اوورز کی آخری گیند پر پوری ٹیم 296رنز کا بھاری بھرکم مجموعہ اسکور بورڈ پر سجاکر پویلین لوٹ گئی۔ آصف نواز نے زور دار اننگز کھیلی جو 7چوکوں اور 3چھکوں پر مشتمل تھی۔علی مہر نے بھی 57رنز کی اننگز میں 6بار گیند کو باؤنڈر ی لائن کراس کرائی۔امت روی کے 46رنز میں 3چوکے شامل تھے۔ اسرار اسلم نے 24رنز میں 2چھکے اور 2چوکے لگائے۔ محمد الیاس کے 21رنز 2چوکوں کی مرہون منت بنے۔عنایت اﷲ نے 48رنز پر 4کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ وجاہت احمدنے42اور یاسین اﷲنے 53رنز کے عوض 2,2وکٹیں اپنے نام کیں۔ بقائی ڈولفن کی جوابی اننگز ذیشان جمیل اور حسرت نواز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 29اوورز میں 138رنز پر ہمت ہار گئی۔اسد نواب 6چوکوںکی مدد سے 46رنز اورعزت اﷲ 4 چوکے لگا کر 32رنز کے ساتھ بھرپور مزاحمت کرتے نظر آئے۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی قابل زکر کارکردگی پیش نہ کرسکا۔ ذیشان جمیل نے 49رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کیا جبکہ حسرت نواز نے 31رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔ایمپائرز محمد اصغر اور نذیر بٹ جبکہ نجم الدین آفیشل اسکورر تھے

error: Content is protected !!