فیفا اور اے ایف سی وفدکے سربراہ سے اشفاق شاہ کی ملاقات

کراچی (ریاض احمد) صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن سید اشفاق شاہ نے گذشتہ روز فیفا اور اے ایف سی کے وفد کے سربراہ سے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔ لاہور سے موصولہ تفصیلات کے مطابق صدر فیڈریشن کا وفد کے سربراہ سے خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوا اور انہیں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی موجودہ صورتحال سے تفصیل سے آگاہ کیاگیا۔فیفا اور اے ایف سی مشن چیف نے اس بات کا اعتراف کیا کہ آپ کی لیگل ٹیم جو بیریسٹر طحہ علی زئی اور ایڈوکیٹ چوہدری ذوالفقار پر مشتمل تھی عمدہ بریفنگ دی اور انکی جانب سے دستاویزی ثبوت اور ہ فون کالز اور ویڈیومتعلقہ تھیں جس کے باعث ان کا موقف سمجھنے میں بہت آسانی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام فراہم کئے گئے ثبوت ، وائس کالز، ویڈیو ، اخباری تراشے اور خفیہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات ، الیکشن کی حقیقی صورتحال سے آگاہی ہوئی۔

ان سب چیزوں کو ریکارڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے اور فیفا میں اپنی سفارشات کے ساتھ جمع کرائی جائیں گی۔ فیصلے کا اختیار فیفا کو حاصل ہے جو تمام ثبوت و شواہد کی روشنی میں فیصلہ کرے گی۔ صدر فیڈریشن نے چیف ڈیلیگیشن کی پاکستان آمد پر نہ صرف ان سے اظہارتشکر کیا بلکہ اس خوشی کا بھی اظہار کیا کہ تمام تر ثبوت و شواہد انکے گوش وگذار بالمشافہ کئے گئے جس کو سمجھنے کیلئے لیگل ٹیم سے متعدد سوالات بھی کئے گئے۔ لیگ ٹیم کی جانب سے مدلل جواب کے بعد چیف ڈیلیگیشن کافی مطمئن بھی نظر آئے۔ صدر فیڈریشن نے کہا کہ تمام حقائق ،ثبوت و شواہد فیفا اور اے ایف سی مشن کی کمیٹی کو فراہم کردئے گئے ہیں جس کی روشنی میں ہونے والے فیصلے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن اپنا مستقل کا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

error: Content is protected !!