قائداعظم ٹرافی میں شائقینِ کرکٹ کو داخلے کی اجازت دینا خوش آئند عمل ہے، شاہین آفریدی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) بابراعظم کو ایکشن میں دیکھنے کا شوق مجاہد سلیم کو قذافی اسٹیڈیم لاہور کھینچ لایا ہے۔ مجاہد سلیم سمیت دیگر شائقینِ کرکٹ نے بھی اپنے اسٹار کھلاڑیوں کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکشن میں دیکھنے کے لیے گراؤنڈز کا رخ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے قائداعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ کے تمام وینیوز پر شائقین کے لیے داخلہ مفت رکھنے کا اعلان کرچکا ہے۔راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے مجاہد سلیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے محض بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم کا رخ کیا ہے۔ مجاہد سلیم کا کہنا ہے کہ بابراعظم دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں اور وہ ان کے ساتھ تصویر بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔مجاہد سلیم کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے قائداعظم ٹرافی میں شائقینِ کرکٹ کے لیے گراؤنڈز کے دروازنے کھولنا خوش آئندعمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ٹرافی قومی ڈومیسٹک کرکٹ کا پریمیئر ٹورنامنٹ ہے۔ قومی کرکٹ کوبڑے بڑے نام درحقیقت اسی ٹورنامنٹ سے ملتے ہیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور کے عبدالحفیظ کاردار انکلوژرکی نشستوں پر براجمان مجاہدسلیم اور ان کے دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ قومی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم کا رخ کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر قومی کرکٹر شاہین آفریدی کی سرپرائز انٹری نے مجاہد سلیم اور ان کے دوستوں کو حیران کردیا۔ شاہین آفریدی کے انکلوژ ر میں آتے ہی سیلفیز بنانے کے لیے شائقینِ کرکٹ کا تانتا بندھ گیا۔اس موقع پر قومی کرکٹر شاہین آفریدی نے کہا کہ قائداعظم ٹرافی میں شائقینِ کرکٹ کو داخلے کی اجازت دینا خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں اور مداحوں دونوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔اس موقع پر کالج کے طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے بھی قذافی اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ میڈیکل کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے والے جمشید علی سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ کالج جانے کی بجائے اسٹیڈیم کیوں آئے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ کالج میں اساتذہ کی عدم حاضری کے باعث ہم نے قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کا فیصلہ کیا۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں آل راؤنڈر انور علی نے شائقینِ کرکٹ سے ملاقات کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائداعظم ٹرافی کے تمام میچز میں شائقین کرکٹ کا داخلہ مفت ہوگا۔

error: Content is protected !!