قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلہ، ، ایس این جی پی ایل نے لاہور بلیوز کو شکست دیدی


اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی سپر ایٹ مرحلے میں عمران خالد کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے لاہور بلیوز کو اننگز اور 28 رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، لاہور بلیوز کی ٹیم میچ کے دوسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی، عمران خالد نے دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔ بدھ کو کراچی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے دوسرے روز ایس این جی پی ایل نے 167 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو افتخار احمد 77 اور حسن طلعت 20 رنز پر کھیل رہے تھے، ایس این جی پی ایل کی ٹیم پہلی اننگز میں 258 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے لاہور بلیوز کے خلاف 136 رنز کی برتری مل گئی، افتخار احمد نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور125 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، حسین طلعت 36 رنز بنا سکے، ظفر گوہر نے 4 اور اعزاز چیمہ نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں لاہور بلیوز کی ٹیم پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور پوری ٹیم 108 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، صرف 3 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کر سکے، حسن قدیر 38، عرفان حیدر 21 اور کپتان سعد نسیم 13 رنز بنا کر چلتے بنے، عمران خالد نے 5 محمد عمران اور محمد موسیٰ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

error: Content is protected !!