قائد اعظم ٹرافی فائنل :وہاب ریاض کی عمدہ بالنگ کیخلاف افتخاراحمد کا ریسکیو آپریشن

قائد اعظم ٹرافی کے پانچ روزہ فائنل کے پہلے دن واپڈا کے پیسر وہاب ریاض کی عمدہ بالنگ کے سامنے افتخار احمد کا ریسکیو آپریشن اہمیت کا حامل رہا جنہوں نے اپنی ٹیم سوئی ناردرن گیس کو مشکلات سے باہر نکالتے ہوئے چھ وکٹوں پر 215 رنز تک پہنچا دیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں واپڈا کے کپتان سلمان بٹ نے ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالی تو تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور اظہرعلی ابتدائی بارہ اوورز میں محض 16 رنز بنا سکے اور اسی موقع پر وقاص مقصود نے دو چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنانے والے محمد حفیظ کو کلین بولڈ کردیا جبکہ محض 6رنز کے اضافے پر اظہرعلی بھی داغ مفارقت دے گئے جو 9 رنز بنا کر وہاب ریاض کی بال کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔22 رنز پر دو اہم وکٹیں گرنے کے بعد خرم شہزاد اور اسد شفیق نے نسبتاً بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے چند دلکش اسٹروکس کھیلے مگر جب دونوں اسکور کو 80 رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہو چکے تھے تو اسد شفیق کو محمد آصف نے عامر سجاد کی مدد سے آؤٹ کردیا جو 23 رنز میں تین چوکے لگا سکے جبکہ خالد عثمان کو چھکا لگا کر اپنے ارادوں کا اظہار کرنے والے خرم شہزاد بھی تین چوکوں کے ساتھ وہاب ریاض کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے تو ان کا اسکور 29 رنز تھا۔ سوئی ناردرن گیس کی ٹیم 94 رنز پر چار وکٹیں گنوا کر مشکلات کا شکار تھی تو افتخار احمد اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور پانچویں وکٹ پر 89 رنز جوڑ کر انہوں نے اپنی ٹیم کو سنبھال لیا تھا تو وہاب ریاض نے درد سر بننے والی اس شراکت کو توڑ ڈالا اور محمد رضوان بھی خوشدل شاہ کو کیچ تھما کر چلتے بنے جنہوں نے چار چوکوں کی مدد سے 42 رنز کا اضافہ کیا البتہ سوئی ناردرن گیس کا اسکور 183 تک جا پہنچا تھا۔اس سے قبل کہ سوئی ناردرن گیس کی ٹیم اپنے 200رنز مکمل کرپاتی زاہد منصور نے وقاص مقصود کی مدد سے چار رنز بنانے والے عمران خالد کو بھی پویلین روانہ کردیا یوں دن کا خاتمہ ہوا تو سوئی ناردرن گیس نے چھ وکٹوں پر 215 رنز بنائے تھے۔

error: Content is protected !!