قائد اعظم ٹرافی فور ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں مرحلے کا آغاز بدھ سے ہوگا


راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم ٹرافی فور ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں مرحلے کا آغاز بدھ سے ہوگا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پانچویں مرحلے میں ملک بھر کے مختلف گراؤنڈز میں آٹھ میچ شروع ہوں گے۔ پول اے میں فاٹا اور اسلام آباد ریجن کی ٹیمیں ڈائمنڈ گراؤنڈ، اسلام آباد میں مدمقابل ہوں گی۔ راولپنڈی اور کراچی ریجنز کے درمیان میچ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لاہور ریجن وائٹس اور پشاور ریجن کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم، لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔ حبیب بنک اور خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) کے مابین میچ کے آر ایل سٹیڈیم، راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ نیشنل بنک اور سوئی سدرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی ٹیمیں اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں پنجہ آزما ہوں گی۔ لاہور ریجن بلیوز اور ملتان کے درمیان میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور سوئی سدرن گیس کارپوریشن کی ٹیمیں مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ زرعی ترقیاتی بنک (زیڈ ٹی بی ایل) اور واپڈا کے درمیان میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!