قائد اعظم گیمز،سیکرٹری سپورٹس پنجاب دستے کی کارکردگی پر شادمان

لاہور۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمدعامرجان نے کہا ہے کہ بڑے ایونٹس کے انعقاد سے کھلاڑیوں کے ویژن میں اضافہ ہوتا ہے اور ان کے کھیل میں بہتری آتی ہے، دوسری بین الصوبائی گیمز 2017ء کے انعقاد سے کھلاڑیوں کو تجربے ملے گا اور وہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنا سکیں گے،سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو جدید خطوط پر تربیت اور سہولتیں فراہم کررہا ہے جس سے ہمارے کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آبادسپورٹس کمپلیکس کے حمید ی ہال میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کے مابین ٹیبل ٹینس کے میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرڈائریکٹر سپورٹس محمدانیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی اور شاہد فقیر بھی موجود تھے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے میچز کے مہمان خصوصی تھے۔

محمد عامر جان نے مزید کہا کہ دنیا کے ہر معاشرے میں سپورٹس کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے، پنجاب حکومت بھی سپورٹس کے فروغ کیلئے کھلاڑیوں کو جدید سہولتیں فراہم کررہی ہے، دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھلاڑیوں کو بہترین تربیت اور سہولتیں فراہم کی ہیں جس کا ثبوت ہے کہ پنجاب کا دستہ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے اور اب تک سب سے زیادہ میڈلز جیتے ہیں، گیمزمیں پورے ملک سے کھلاڑی شریک ہیں جو کہ خوش آئندہے، اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد کھلاڑیوں کے جوش و جذبے میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ میچ سے قبل کھلاڑیوں کا سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان سے تعارف کرایا گیا۔

error: Content is protected !!