قسمت محمد حفیظ سے روٹھ گئی،،مستقل پر سوالیہ نشان

بلاوایو(سپورٹس لنک رپورٹ) مکی آرتھر اور سینئر کرکٹرزکے اختلافات کی کہانیاں نئی نہیں ۔ پاکستانی ٹیم میں مصباح الحق اور یونس خان کے جانے کے بعد محمد حفیظ پاکستان کے سینئر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں لیکن ان کا ستارہ گردش میں دکھائی دے رہا ہے۔ مکی آرتھر کا خیال ہے کہ پاکستان ٹیم میں واپسی کے بعد محمد حفیظ توقعات پوری نہیں کرسکے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ قسمت ٹیسٹ آل رائونڈرسے روٹھ گئی ہے اور ان کا فوری طورپر پاکستان ٹیم میں ان کی واپسی کا امکان نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال دیکھتے ہوئے محمد حفیظ بھی گرائونڈ میں الگ تھلگ دکھائی دیتے ہیں۔ بولاوایو میں زمبابوے اورپاکستان کے درمیان چوتھا ون ڈے انٹر نیشنل میچ میں بھی محمد حفیظ کو ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ بدستور کوچ کے پلان میں نہیں ہیں۔ اس سے قبل ٹی 20 سیریز میں ریگولر اوپنرز کو نظر انداز کرکے حارث سہیل سے اوپننگ کرائی گئی جس پر سلیکٹرز کوچ سے ناراض ہیں لیکن مکی آرتھر سلیکشن کے معاملات میں کسی کی مداخلت برادشت نہیں کررہے ہیں۔37 سالہ محمد حفیظ نے ٹی 20 ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف 7 رنز بنائے تھے اور 3 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف اہم ترین میچ میں صفر پر آئوٹ ہوئے تھے۔

error: Content is protected !!