قومی جونیئر انڈر 21سنوکر چیمپئن شپ آج شروع ہو گی

پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن ، پاکستان سپورٹس بورڈ اور جوبلی انشورنس کے اشتراک سے دسویں قومی جونیئر انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں آج شروع ہو گی۔ ورلڈ انڈر 18چیمپئن محمد نسیم اختر نیشنل چیمپئن شپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے جبکہ گزشتہ سال کے رنرز اپ محمد حارث طاہر بھی ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ گزشتہ رو ز پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد کے 34کھلاڑیوں نے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس پر رپورٹ کر دی ۔پی بی ایس اے کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل نوید کپاڈیہ کے ساتھ کھلاڑیوں کی میٹنگ ہوئی جس کے بعد چیمپئن شپ کے ڈراز نکالے گئے ۔34کھلاڑیوں کو آٹھ مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ لیگ راؤنڈ کے میچز چار مختلف سیشنز میں صبح دس بجے، ساڑھے گیارہ بجے، دو بجے اور ساڑھے تین بجے سہ پہرکھیلے جائیں گے۔ منتظمین کے مطابق لیگ راؤنڈ کے اختتام پر ہر گروپ سے دو، دو کھلاڑی پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ فائنل 19جنوری کو ہوگا۔

 

error: Content is protected !!